لاہور میں کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ہفتہ اور اتوار کو شہر بھر میں دو روزہ خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک پولیس کو جنرل ہولڈ اپ کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے روز بڑی تعداد میں کم عمر لڑکے موٹرسائیکلیں، گاڑیاں اور رکشے لے کر سڑکوں پر نکل آتے ہیں۔ کم عمری میں ڈرائیونگ نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ایسے واقعات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا ہے کہ کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کے ساتھ ان کے والدین کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ ان کے مطابق کم عمر ڈرائیورز کے کریمنل ریکارڈ کی ذمہ داری والدین پر عائد ہوگی۔ بغیر لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے والوں کی سواری بند کر دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کم عمر ڈرائیور کی موٹرسائیکل صرف اس صورت میں چھوڑی جائے گی جب وہ جووینائل پرمٹ پیش کرے گا۔ اس کے علاوہ لرنر پرمٹ رکھنے والوں کو بھی گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹریفک پولیس اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کوئی شخص بغیر مطلوبہ اجازت کے سڑک پر گاڑی نہ چلائے۔
کریک ڈاؤن کے دوران لائسنس دفاتر کے باہر بھی خصوصی ہولڈ اپ کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کی نشاندہی کرنا اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔ تیز رفتاری، خطرناک انداز میں گاڑیاں چلانے اور سڑکوں پر ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف براہ راست مقدمات درج کیے جائیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے تمام سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں اس کارروائی کو مکمل کریں۔ کم عمر بچوں کا کار یا موٹرسائیکل چلانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو بغیر لائسنس یا قانونی اجازت کے گاڑی اور موٹرسائیکل نہ دیں۔






