ایم کیو ایم پاکستان نے شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر نکالی جانے والی ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی آج باضابطہ طور پر ریلی اور جلسے کی منسوخی کا اعلان کرے گی۔
جی ٹی وی نیوز نے 19 نومبر کو ہی شاہراہ فیصل پر ایم کیو ایم پاکستان کے جلسے اور ریلی کی منسوخی کی خبر دی تھی۔ حکومت سندھ کی جانب سے ریلی کے انعقاد کی اجازت نہ ملنے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس ہوا، جس میں اس معاملے پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ارکان کی اکثریت نے شہر میں ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے ریلی منسوخ کرنے کی حمایت کی۔ ایم کیو ایم پاکستان سندھ میں نئے صوبے کے قیام کی حمایت میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہتی تھی، تاہم ایک ہی روز شاہراہ فیصل پر متضاد مؤقف رکھنے والی دو ریلیوں کے انعقاد کے خدشات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی محمد طلحہ نے انتظامیہ کو جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی۔ دوسری جانب سندھ کی قوم پرست جماعتوں نے 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر سندھ میں نئے صوبے کے قیام کی مخالفت میں ریلی نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
قوم پرست جماعتوں نے ایم کیو ایم پاکستان سے پہلے اپنی ریلی کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔ سندھ حکومت نے ایک ہی دن شاہراہ فیصل پر دو ریلیاں نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بیک وقت دونوں اجتماعات کے انعقاد سے تصادم کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔
حکومت سندھ کے مطابق شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ایک ہی دن دو ریلیوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اسی صورتحال کے تناظر میں ایم کیو ایم پاکستان نے 29 نومبر کا اپنا پروگرام منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔






