لاہور کے علاقے سندر میں ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے اور بلیک میل کرنے والے مبینہ گروہ کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گروہ سے تعلق کے الزام میں امتیاز علی اور قاسم علی کو گرفتار کرلیا، جبکہ دیگر فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مدعی مقدمہ کے مطابق کرایے پر اپارٹمنٹ حاصل کرنے کے لیے 6 ہزار روپے کی ڈیل طے ہوئی تھی، تاہم یہ معاملہ انہیں 30 ہزار روپے میں پڑ گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ کمرے میں داخل ہوتے ہی 6 لڑکیوں اور 5 دیگر کارندوں نے انہیں قابو کرلیا اور بعد ازاں ان کی نازیبا ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنا شروع کردیا۔
درج مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر ویڈیوز کی بنیاد پر شہری سے ایک لاکھ روپے طلب کیے۔ مدعی کا الزام ہے کہ ملزمان اس کی نقدی اور قیمتی موبائل فون لے کر فرار ہوگئے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ون فائیو پر کال موصول ہونے کے بعد سندر پولیس نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کارروائی کی اور امتیاز علی اور قاسم علی کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ امتیاز علی خود کو وکیل ظاہر کرتا تھا۔
ابتدائی انکشافات کے مطابق مبینہ ہنی ٹریپ نیٹ ورک ساہیوال کے رہائشی امتیاز علی کی سرپرستی میں چل رہا تھا۔ ملزمان پر الزام ہے کہ وہ شہریوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے بعد ان کا قیمتی ڈیٹا حاصل کرتے اور ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر رقم بٹورتے تھے۔ پولیس دیگر ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ صحافت اور وکالت جیسے معتبر پیشوں کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
فیصل کامران نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک صورتحال یا واردات کی صورت میں فوری طور پر پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جاسکے۔






