سعودی اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دارالحکومت ریاض کی طرف فائر کیا جانے والا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا گیا ہے۔
سعودی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر فائر کیا جانے والا بیلسٹک میزائل کامیابی سے ناکام بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
اس حملے سے پہلے سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے ریاض میں ممکنہ خطرے کا الرٹ جاری کیا گیا تھا، جس میں شہریوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ فوری طور پر کسی محفوظ مقام پر منتقل ہوں اور خطرہ ٹلنے تک اپنے گھروں یا عمارتوں سے باہر نہ نکلیں۔
بعد ازاں سعودی سول ڈیفنس نے صورتحال کو خطرے سے باہر قرار دیتے ہوئے ریاض میں الرٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
سول ڈیفنس نے شہریوں کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی میزائل اور ڈرون حملے سے متعلق ویڈیو بنانے، شائع کرنے یا معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں۔ سعودی حکام نے ملک کی فضائی حدود اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کر رکھے ہیں۔






