پورٹ قاسم کے قریب 6 ہزار 409 ایکڑ پر پھیلے پاکستان کے سب سے بڑے کراچی انڈسٹریل پارک کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔
پاکستان میں برآمدات پر مبنی صنعتی ترقی کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی معاونت سے پورٹ قاسم کے قریب کراچی انڈسٹریل پارک کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔
6 ہزار 409 ایکڑ اراضی پر پھیلا یہ منصوبہ پاکستان کا سب سے بڑا صنعتی اقتصادی زون ہوگا، جس سے ملک میں صنعتی سرگرمیوں کو نیا تحرک ملے گا۔
صنعتی سرمایہ کاری کو مزید سہولت فراہم کرنے کی غرض سے نجی اکنامک زونز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کی پالیسی بھی منظور کر لی گئی ہے۔
اسی سلسلے میں پنجاب کے سرکاری اسپیشل اکنامک زونز اور صنعتی اسٹیٹس کے لیے نئی اراضی لیز پالیسی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ان تمام اقدامات کی بدولت صنعتی پیداواری لاگت میں واضح کمی آئے گی، ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور مقامی سطح پر روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔






