کراچی (جی ٹی وی نیوز اردو): کراچی میٹرک بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر اینٹی کرپشن نے انکوائری شروع کردی ہے۔
خصوصی عدالت کے حکم پر چیئرمین مشرف اور سیکریٹری نوید احمد کے خلاف شکایت کی تحقیقات کی جارہی ہیں، جبکہ متعلقہ حکام کو انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انکوائری میں میٹرک بورڈ کے سیکریٹری نوید احمد کی مبینہ طور پر مطلوبہ اہلیت کے بغیر ترقیوں کا معاملہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ان کے دور میں مبینہ طور پر یومیہ اجرت پر 30 ملازمین کی بھرتیوں اور بعد ازاں انہیں مستقل کیے جانے کی تحقیقات بھی کی جائیں گی۔
رول نمبر 103937 کے لیے مبینہ طور پر ڈپلیکیٹ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا معاملہ بھی زیرِ تفتیش ہے۔ اینٹی کرپشن کی جانب سے بورڈ میں خریداری، ٹینڈرز، ادائیگیوں اور بینک اکاؤنٹس سے متعلق ممکنہ بے ضابطگیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
تحقیقات کے سلسلے میں بینک اکاؤنٹس میں تبدیلیوں اور مختلف بینکوں کے درمیان رقوم کی منتقلی کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن نے میٹرک بورڈ کے چیئرمین سے ان کی تعیناتی سے اب تک کا متعلقہ ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام سے مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق سابقہ انکوائری رپورٹس، موصولہ شکایات اور آڈٹ اعتراضات پر کی گئی کارروائی کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ چیئرمین میٹرک بورڈ کو مطلوبہ تصدیق شدہ ریکارڈ تین ورکنگ دنوں میں فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انکوائری کے دوران ترقیوں، بھرتیوں اور مالی معاملات سے متعلق دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ شکایات میں اٹھائے گئے نکات کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کی جاسکے۔





