دل کی بیماری کو عموماً سینے میں درد، سانس پھولنے یا اچانک طبی ایمرجنسی سے جوڑا جاتا ہے، تاہم ضروری نہیں کہ دل کے مسائل کی ابتدا ہمیشہ ان ہی علامات سے ہو۔ بعض اوقات جسم کے دوسرے حصوں میں ظاہر ہونے والی معمولی تبدیلیاں بھی دل اور خون کی شریانوں میں خرابی کی نشاندہی کرسکتی ہیں، جنہیں اکثر افراد معمولی سمجھ کر نظر انداز کردیتے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والے ماہر امراض قلب ڈاکٹر جیریمی لندن نے ایسی چھ غیر معمولی علامات کی نشاندہی کی ہے جو خون کی روانی متاثر ہونے یا شریانوں میں تنگی کے باعث سامنے آسکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق دل اور خون کی شریانوں کی بیماریاں بعض اوقات طویل عرصے تک واضح علامات ظاہر نہیں کرتیں، تاہم جسم میں ہونے والی کچھ تبدیلیاں خون کی گردش میں خرابی کا ابتدائی اشارہ ہوسکتی ہیں۔
1۔ ٹانگوں کے اگلے حصے سے بال جھڑنا
ٹانگوں کے اگلے حصے، پنڈلیوں، پاؤں یا انگلیوں کے بال گرنا بعض اوقات محض ظاہری تبدیلی نہیں ہوتی بلکہ یہ پیریفرل آرٹری ڈیزیز کی ممکنہ علامت ہوسکتی ہے۔
اس بیماری میں ٹانگوں کی شریانیں تنگ ہونے کے باعث خون کا بہاؤ متاثر ہوتا ہے اور پاؤں و ٹانگوں تک مناسب مقدار میں خون اور آکسیجن نہیں پہنچ پاتی۔ نتیجتاً بالوں کی جڑوں کو ضروری غذائیت نہیں ملتی اور بال جھڑنے لگتے ہیں۔
تاہم صرف بال گرنے کو اس بیماری کی تصدیق نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ اس کی دیگر وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔
2۔ پاؤں اور ٹخنوں میں مسلسل سوجن
پاؤں، ٹخنوں یا ٹانگوں کے نچلے حصے میں مسلسل سوجن بھی دل کی کارکردگی متاثر ہونے کی علامت ہوسکتی ہے۔
جب دل جسم میں خون کو مناسب طریقے سے پمپ نہیں کرپاتا تو جسم کے مختلف حصوں میں سیال جمع ہونے لگتا ہے، جس سے سوجن پیدا ہوسکتی ہے۔ تاہم گردوں کے مسائل، خون کے لوتھڑے اور بعض ادویات بھی اس کیفیت کا سبب بن سکتی ہیں، اس لیے درست تشخیص کے لیے طبی معائنہ ضروری ہے۔
3۔ مسلسل تھکاوٹ اور کمزوری محسوس ہونا
اچھی نیند لینے کے باوجود ہر وقت تھکاوٹ محسوس ہونا یا روزمرہ کے معمولی کام کرتے ہوئے توانائی ختم ہوجانا بھی توجہ طلب علامت ہوسکتی ہے۔
اگر کوئی شخص پہلے آسانی سے سیڑھیاں چڑھ لیتا تھا لیکن اب چند سیڑھیاں چڑھنے پر ہی تھکن محسوس کرتا ہے تو اس کی وجہ دل کی کارکردگی میں خرابی ہوسکتی ہے۔ دل کمزور ہونے کی صورت میں جسم کے پٹھوں تک آکسیجن سے بھرپور خون مناسب مقدار میں نہیں پہنچ پاتا، جس سے تھکاوٹ اور کمزوری محسوس ہوتی ہے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق مسلسل اور غیر معمولی تھکاوٹ دل کی کمزوری سے منسلک علامات میں شامل ہوسکتی ہے۔
4۔ چلتے ہوئے پنڈلیوں میں درد یا کھنچاؤ
پیدل چلنے یا جسمانی سرگرمی کے دوران پنڈلیوں میں درد، کھنچاؤ یا شدید تکلیف محسوس ہونا بھی خون کی گردش میں خرابی کا اشارہ ہوسکتا ہے۔
اس کیفیت میں کچھ دیر آرام کرنے سے درد کم ہوجاتا ہے، لیکن دوبارہ چلنے پر تکلیف شروع ہوسکتی ہے۔ اس کی ایک ممکنہ وجہ ٹانگوں کی شریانوں کا تنگ ہونا ہے، جس کے باعث سرگرمی کے دوران پٹھوں کو ضرورت کے مطابق خون نہیں ملتا۔
بعض افراد اسے بڑھتی عمر، جوڑوں کے درد یا پٹھوں میں کھنچاؤ سمجھ کر نظر انداز کردیتے ہیں، تاہم بار بار ایسی شکایت ہونے پر طبی معائنہ کروانا ضروری ہے۔
5۔ پاؤں کا غیر معمولی طور پر ٹھنڈا رہنا
پاؤں کا مسلسل ٹھنڈا رہنا اور انگلیوں میں سنسناہٹ یا بے حسی محسوس ہونا بھی خون کی ناقص گردش سے متعلق ہوسکتا ہے۔
جب خون مناسب مقدار میں پاؤں تک نہیں پہنچتا تو وہاں کے ٹشوز کو آکسیجن اور غذائیت کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔ اس لیے اگر پاؤں غیر معمولی طور پر ٹھنڈے رہیں یا انگلیوں میں مسلسل سن ہونے کی شکایت ہو تو اس کی وجہ معلوم کرنے کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
6۔ پاؤں کے زخم دیر سے بھرنا
پاؤں پر بننے والے زخموں کا دیر سے ٹھیک ہونا بھی خون کی روانی میں خرابی کی ممکنہ علامت ہے۔ خون کی فراہمی متاثر ہونے سے ٹشوز کو مناسب آکسیجن اور غذائیت نہیں ملتی، جس کے باعث زخم بھرنے کا عمل سست ہوسکتا ہے۔
بعض صورتوں میں اس سے انفیکشن اور السر کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، اس لیے پاؤں پر موجود ایسے زخموں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے جو طویل عرصے تک ٹھیک نہ ہوں۔
کن علامات پر فوری طبی امداد ضروری ہے؟
ماہرین کے مطابق ان علامات میں سے کسی ایک کا ظاہر ہونا لازمی طور پر دل کی بیماری کی تصدیق نہیں کرتا، کیونکہ ان کی دوسری وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔ تاہم اگر کوئی تبدیلی مسلسل برقرار رہے یا اس کی وجہ واضح نہ ہو تو ڈاکٹر سے معائنہ کروانا چاہیے۔
ضرورت پڑنے پر ڈاکٹر بلڈ پریشر، خون کی گردش اور ٹخنے سے بازو تک بلڈ پریشر کے تناسب کا ٹیسٹ (اے بی آئی) تجویز کرسکتے ہیں، جس سے ٹانگوں کی شریانوں میں تنگی کا پتا لگانے میں مدد ملتی ہے۔
اگر اچانک سینے میں درد، شدید سانس کی تکلیف یا بے ہوشی جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طبی امداد حاصل کرنی چاہیے۔ جسم میں ہونے والی غیر معمولی تبدیلیوں پر بروقت توجہ دینا دل اور خون کی شریانوں کے مسائل کی جلد تشخیص میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔






