کراچی (جی ٹی وی نیوز اردو): کراچی میں ایک ہفتے کے دوران 4 ماہی گیروں کی یکے بعد دیگرے پراسرار اموات نے کئی سوالات کھڑے کردیے، واقعے کے بعد سکھن پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق چاروں ماہی گیر تقریباً ایک ماہ قبل سمندر میں گئے تھے اور ایک ہفتہ قبل واپس لوٹے تھے۔ واپسی کے چند روز بعد ان کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوئی اور مختلف اوقات میں چاروں ماہی گیر جان کی بازی ہار گئے۔
جاں بحق ہونے والے ماہی گیروں کی شناخت صدیق، عثمان، حسین اور ہاشم کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دو ماہی گیروں کا انتقال 5 روز قبل، ایک کا گزشتہ روز جبکہ چوتھے ماہی گیر کی موت آج ہوئی۔
اہل خانہ کے مطابق سمندر سے واپسی کے بعد چاروں ماہی گیروں نے طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی۔ انہیں گردوں میں درد محسوس ہوا، جس پر علاج کے لیے جناح اسپتال بھی لے جایا گیا۔ طبیعت دوبارہ بگڑنے پر ماہی گیروں کو ایک نجی اسپتال سے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں ماہی گیروں کو پیشاب اور پاخانہ آنا بند ہوگیا تھا۔ چاروں مختلف اسپتالوں میں زیر علاج رہے، تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے ان کی اموات کو طبعی قرار دیا گیا ہے۔
ایک ہی عرصے میں سمندر سے واپس آنے والے چار ماہی گیروں کی یکے بعد دیگرے اموات کے بعد واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے سکھن پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق اہل خانہ نے واقعے پر قانونی کارروائی سے انکار کردیا ہے، تاہم چاروں اموات کے حالات اور ماہی گیروں کی بیماری سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔






