وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں 13 سال میں کتنے اسپتال اور یونیورسٹیاں بنیں؟
وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام انتہائی غیور اور دلیر ہیں، ن لیگ نے کے پی میں جمہوری روایات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، خیبرپختونخوا پاکستان کے خوبصورت صوبوں میں سے ہے، خیبرپختونخوا میں 13سال سے برسراقتدار جماعت نے بڑے دعوے کیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بتائیں نعرے لگانے والوں نے کتنے اسپتال بنائے، خیبرپختونخوا میں 13سال میں کتنی یونیورسٹیاں بنائی گئیں، عوامی خدمت کے بجائے سیاسی نعروں اور تقسیم درتقسیم پر توجہ دی گئی، خیبرپختونخوا کے عوام امن اور ترقی چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خیبرپختونخوا کے عوام نے عظیم قربانیاں دیں، عوام، پولیس، فوج اور سیاسی رہنماؤں نے دہشت گردی کیخلاف بے مثال قربانیاں دیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی ومعاشی نقصان اٹھایا، 2018 میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پوری قوم اور اداروں نے مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا، 2019 اور 2020 میں افغانستان سے دہشت گردوں کو واپس لاکر بسایا گیا، 800 کی جگہ 8ارب بھی لگے ہوتے تو کے پی میں پولیس کا شعبہ ترقی کرتا، ڈھائی سال میں دھرنوں اور لانگ مارچ کی سیاست کی گئی، دہشت گردی کیخلاف مل کر مقابلے کی دعوت دی لیکن بات نہیں سنی گئی۔






