بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان ریلوے نے سکھ اور ہندو یاتریوں کی آمد کے لیے خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کے سلسلے میں ملک بھر سے سکھ اور ہندو یاتریوں کو ننکانہ صاحب پہنچانے کے لیے اسپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
ترتیب کے مطابق خصوصی ٹرین کراچی سے روانہ ہو کر مختلف شہروں سے ہوتی ہوئی ننکانہ صاحب پہنچے گی۔ ٹرین اپنے مقررہ روٹ کے دوران نواب شاہ، روہڑی اور گھوٹکی سمیت مختلف شہروں سے گزرے گی۔
ان خصوصی ٹرینوں کے ذریعے یاتریوں کو بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بہترین سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت اور دنیا بھر سمیت پاکستان بھر سے ہزاروں کی تعداد میں سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔






