فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملائیشین وزیر اعظم اور وزیر دفاع سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا اور ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون سمیت علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور دونوں ممالک نے مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملائیشیا کی وزارت دفاع آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اس تقریب میں ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تن سری حاجی ملک رزاق سلیمان سمیت ملائیشین آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے سربراہان بھی شریک تھے۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشین وزیر دفاع محمد خالد بن نوردین سے ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون، عسکری روابط اور مشترکہ تعاون کے نئے امکانات پر غور کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان روابط اور اعلیٰ سطحی تبادلوں میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا۔
مزید برآں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کا بھی دورہ کریں گے، جہاں انہیں ہال آف فیم میں شامل کیا جائے گا اور وہ اس اعزاز کو حاصل کرنے والی 21 ویں شخصیت ہوں گے۔






