پیپلز پارٹی رہنماؤں نے بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی طریقہ کار موجود ہے اور ریفرنڈم کے ذریعے آئینی تقاضوں سے انحراف نہیں کیا جاسکتا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور احمد اور ندیم افضل چن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پیپلز پارٹی پورے ملک اور آزاد کشمیر کی نمائندہ جماعت ہے اور وہ کسی بھی قسم کی تنقید یا سوالات سے خوفزدہ نہیں ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیاں پارلیمان میں زیر بحث آنی چاہئیں، تاہم اس وقت یہ عمل نظر نہیں آرہا۔ حکومت کو اپنی پالیسیوں اور فیصلوں پر پارلیمان میں بحث کا موقع دینا چاہیے۔ صدر نے اپنے اختیارات پارلیمان کو منتقل کرکے صوبائی خودمختاری کی راہ ہموار کی۔ تاہم ملک میں کراچی کے علاوہ کسی بڑے شہر میں بااختیار میئر نظر نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کا بلدیاتی نظام ایک مثال ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اختیارات کو تیسرے درجے یعنی بلدیاتی نظام تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن کمیشن پر عوامی اعتماد کا فقدان ایک بنیادی مسئلہ ہے۔ ماضی کے انتخابات پر صرف ایک جماعت نے نہیں بلکہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام سمیت مختلف سیاسی جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک سیاسی بات کی اور پارلیمانی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف قومی معاملات پر اتفاق رائے اور یک جہتی کی بات بھی کی تھی۔
پیپلز پارٹی رہنماؤں کے مطابق پیپلز پارٹی ہر اہم قومی معاملے پر بات کرتی ہے اور دوسری سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے مؤقف کی وضاحت کرنی چاہیے۔ مسلم لیگ ن کو بھی اس معاملے پر بات کرنی چاہیے تھی اور اس کے وزرا کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات کی وضاحت ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک کی 40 سے 50 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہو تو معیشت کی صورتحال کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ بعض وزرا کی جانب سے سیاسی بحران یا سیاسی انہدام کی باتیں کی جاتی ہیں، اگر وزرا اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ یہ معاملہ پوری کابینہ کے سامنے موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے عوام اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، تاہم آئینی معاملات کو طے کرنے کے لیے آئین میں موجود طریقہ کار کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
پی پی رہنماء نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں ملک کو درپیش مسائل کے مختلف پہلوؤں پر بات کی تھی۔ انہوں نے مہنگائی، عدلیہ کی آزادی، صوبوں اور دیگر قومی معاملات کو زیر بحث لایا، لیکن اتفاق سے پوری بحث صرف ایک معاملے تک محدود ہوکر رہ گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نہ تو بحث سے گھبراتی ہے اور نہ ہی سوالات اٹھانے سے۔ پارٹی خود چاہتی ہے کہ اس سے سوالات کیے جائیں، تاہم یہ بھی ضروری ہے کہ سوالات درست بنیادوں پر کیے جائیں۔
چوہدری منظور احمد نے کہا کہ اس معاملے پر بنیادی سوال یہ ہے کہ اگر عوام اپنی رائے کا اظہار کرتی ہے تو کیا اسے آئین میں تبدیلی تصور کیا جاسکتا ہے؟ آئین میں تبدیلی کا ایک واضح طریقہ موجود ہے اور اس کا اختیار پارلیمان اور سینیٹ کے پاس ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا صوبائی اسمبلی کو آئین کے آرٹیکل 239 کے علاوہ کسی دوسرے آئینی معاملے میں بھی ویٹو کا اختیار حاصل ہے؟
چودھری منظور احمد نے کہا کہ آئین ایک مکمل دستاویز ہے اور اس میں تبدیلی کے لیے مقررہ طریقہ کار موجود ہے۔ اگر کوئی شخص اس طریقہ کار کو نظرانداز کرکے ریفرنڈم کے ذریعے آئینی تبدیلی کرنا چاہتا ہے تو یہ درست راستہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں نئے صوبے بنانے کا طریقہ کار واضح طور پر درج ہے۔ جس صوبے کی تقسیم مقصود ہو، اس معاملے پر سب سے پہلے اسی صوبے میں بحث ہونی چاہیے۔ اگر متعلقہ صوبائی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے کسی قرارداد کو مسترد کردے تو وہ قرارداد منظور نہیں ہوسکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بھی کسی صوبے کی تقسیم کے معاملے میں متعلقہ علاقے اور صوبے کی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے۔
چوہدری منظور احمد نے سوال کیا کہ کیا ملک میں دوبارہ آرٹیکل 58 ٹو بی بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں وزیر اعظم اور صدر سمیت ہر اہم تقرری کا طریقہ کار پہلے سے موجود ہے۔ اگر کسی تقرری یا معاملے پر اختلاف رائے ہو تو کیا ہر مرتبہ ریفرنڈم کرایا جائے گا؟
انہوں نے کہا کہ جب کسی معاملے کے لیے آئینی اصول اور طریقہ کار پہلے سے طے ہیں تو انہیں تبدیل یا نظرانداز کرنے کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ طاقت کے ذریعے بہت کچھ کیا جاسکتا ہے، لیکن طاقت سے بنایا گیا قانون زیادہ دیر تک قائم نہیں رہتا۔ 18ویں آئینی ترمیم بھی باقاعدہ بحث اور مشاورت کے بعد منظور کی گئی تھی۔
چوہدری منظور احمد نے نئے صوبوں کے قیام کی بحث کے دوران بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ دیکھنا چاہیے کہ ان صوبوں کے عوام کو درپیش مسائل کیا ہیں اور وہاں بنیادی سہولتوں کی کیا صورتحال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کی مخصوص نشستیں اسے دینے کی بات کی ہے، جبکہ دوسری جانب یہ کہا جارہا ہے کہ ان نشستوں کو چھوڑ دیا جائے، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ وہ مسلم لیگ ن کو مل جائیں۔
چوہدری منظور احمد نے کہا کہ طاقت کے ذریعے کوئی مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا۔ ملک میں زراعت کا شعبہ تباہی کا شکار ہے جبکہ تعلیم اور صحت کا نظام بھی خراب ہوتا جارہا ہے۔ جب ریاست کا موجودہ نظام ہی درست انداز میں کام نہیں کر رہا تو ایسے حالات میں نئے صوبے بنانے کی بات کیوں کی جارہی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ جتنے نئے صوبے بنیں گے، اتنے ہی نئے وزرائے اعلیٰ، سرکاری جہاز اور سیکریٹریٹ بھی قائم کرنا پڑیں گے۔ اس لیے ضروری ہے کہ نئے انتظامی ڈھانچے پر بات کرنے سے پہلے ملک کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں۔
چوہدری منظور احمد نے اپنے ضلع کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ضلع میں ایک یونیورسٹی تک موجود نہیں اور نہ ہی کوئی میڈیکل کالج ہے۔ ان کے علاقے کے حصے کے فنڈز انہیں فراہم کیے جائیں، انہیں جہاں بھی خرچ کیا جائے، کم از کم ترقیاتی کام تو ہونے چاہئیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ اسلام آباد میں بھی براہ راست میئر کا انتخاب کرایا جائے اور منتخب میئر کو مکمل اختیارات دیے جائیں۔ اگر کوئی منتخب نمائندہ کام نہیں کرتا تو اگلے انتخابات میں عوام خود اس کے بارے میں فیصلہ کرسکتے ہیں۔
چوہدری منظور احمد نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری واضح کرچکے ہیں کہ وہ حکومت گرانا نہیں چاہتے، تاہم حکومت کے بعض وزرا کی جانب سے مختلف اور متضاد بیانات سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک کو درپیش حقیقی مسائل پر توجہ دی جائے اور ایسے معاملات کو سیاسی بحث کا حصہ نہ بنایا جائے جن سے عوام کے بنیادی مسائل پس منظر میں چلے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے مؤقف پر بحث کرنے کے ساتھ ساتھ مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم، صحت، زراعت اور صوبائی مسائل کے حل کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔






