حدیدہ میں ٹیلی کمیونیکیشن کی عمارت پر فضائی حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 10 ہوگئی جبکہ کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حوثی انتظامیہ کے زیرانتظام ذرائع ابلاغ کے مطابق حملے میں حدیدہ شہر میں واقع سرکاری ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔
حوثی خبر رساں ادارے سبا نے ابتدائی طور پر اطلاع دی تھی کہ سعودی طیارے نے حدیدہ میں پبلک ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی عمارت پر فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تاہم بعد میں حوثی ذرائع ابلاغ نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ حملے میں اب تک 10 افراد ہلاک اور کم از کم 20 زخمی ہوچکے ہیں۔ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد بھی کم از کم 20 بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب حوثی تنظیم سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے یمن کے تعز گورنری میں بھی فضائی حملوں کی اطلاع دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق تعز گورنری کے علاقے صلاح میں 3 فضائی حملے کیے گئے۔






