اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف جلد فوجی کارروائی کرنے کے لیے دباؤ بڑھا دیا ہے۔
اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے کان نے اپنی رپورٹ میں ایک نامعلوم باخبر ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ نیتن یاہو امریکی صدر ٹرمپ پر زور دے رہے ہیں کہ ایران کے خلاف جلد از جلد حملہ کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ امریکا ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں مزید تاخیر نہ کرے اور جلد عملی قدم اٹھائے۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی تک ایران پر حملے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور وہ اس معاملے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بھی ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے علاقائی اثرات کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے لائی ہیں۔
اسرائیل کے چینل 12 نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی دفاعی حکام نے گزشتہ ہفتے وزیر اعظم نیتن یاہو کو خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو اس کے نتیجے میں وسیع تر علاقائی جنگ چھڑ سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی حکام کو خدشہ ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیلی حملے کے بعد تنازع صرف ایران اور اسرائیل تک محدود نہیں رہے گا بلکہ لبنان، شام اور غزہ بھی اس کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے سامنے آنے والی اس تشویش کے باوجود نیتن یاہو امریکا پر جلد فوجی کارروائی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔






