جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ خلیج عدن میں بحری قزاقی کے خلاف یونٹ کی تعیناتی میں توسیع کا مطلب ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ میں شامل ہونا نہیں۔
جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کانگ شن چول نے قانون سازوں کو بتایا کہ خلیج عدن میں بحری قزاقی کے خلاف چینگھائے یونٹ کی تعیناتی میں توسیع کی تحریک کا مطلب ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ میں شامل ہونا نہیں ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اس علاقے میں بحری قزاقی کی سرگرمیاں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 3 گنا سے زیادہ بڑھ چکی ہیں، اور اس مشن کا مقصد اس بحری راستے کو استعمال کرنے والے جنوبی کوریا کے جہازوں اور شہریوں کا تحفظ کرنا ہے۔
ان کے یہ بیانات اس ماہ کے اوائل میں وزارت دفاع کی جانب سے اس اعلان کے بعد آئے ہیں کہ ایران جنگ میں حمایت فراہم کرنے کے لیے واشنگٹن کے دباؤ کے بعد کارروائیوں کو آبنائے ہرمز کے قریب پانیوں تک پھیلایا جائے گا۔
چینگھائے یونٹ تجارتی بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے 2009 سے خلیج عدن میں تعینات ہے اور اس میں اس وقت 4 ہزار 400 ٹن کلاس کا ڈسٹرائر، میری ٹائم آپریشنز ہیلی کاپٹر، 3 تک رگڈ ہل انفلیٹیبل کشتیاں اور تقریباً 300 اہلکار شامل ہیں۔






