خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اسپیشل اکنامک زونز کی استعداد بڑھانے کے لیے ایس آئی ایف سی اور صوبائی حکومت کے درمیان خصوصی بات چیت کی گئی۔
خیبر پختونخوا میں کاروباری مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کے موافق ماحول کے فروغ کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل اور صوبائی حکومت کے درمیان مسلسل روابط اور باہمی اشتراک کار جاری ہے۔
اس سلسلہ میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایس آئی ایف سی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور کونسل کے اعلیٰ حکام سے تفصیلی ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران صوبے میں کاروبار و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور اسپیشل اکنامک زونز کی کارکردگی اور استعداد کو بہتر بنانے سے متعلق امور پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں مصنوعی ذہانت، کمپیوٹیشنل سائنس اور بغیر پائلٹ فضائی نظام کے انسداد کی جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے مواقع پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایس آئی ایف سی حکام کی جانب سے صوبے میں سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے جاری ضابطہ جاتی اصلاحات اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے گورنر کو تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔






