اس وقت پاکستان میں انتظامی یونٹس بننے کا موضوع زور پکڑتا جارہا ہے ،بلخصوس جب انتظامی یونٹ یا نئے صوبے کی بات شروع ہوتی ہے تو سندھ کی تقسیم پر آکر معاملات لفظی کشیدگی کی طرف چلے جاتے ہیں، گزشتہ دنوں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدر پاکستان اصف علی زرداری سے نواب شاہ میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ، اس ملاقات کو سیاسی بصیرت رکھنے والوں نے اہم قرار دیا ،پہلی خبر جو سرکاری طور پر جاری ہوئی اس میں کہا گیا صدر زرداری سے ملاقات میں سیاسی اور سیکیورٹٰی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا یہ ملاقات کافی دنوں سے شیڈول کا حصہ تھی لیکن ہو نہیں پارہی تھی بل آخر ملاقات ہوئی اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے مجموعی صورتحال پر صدر زرداری کو بریفنگ دی لیکن،اس اہم ملاقات کے بعد ذرائع کا لفظ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر زور و شور سے استعمال ہونے لگا، میں ذرائع کے لفظ کے بارے میں بتا دوں کہ صحافی یہ لفظ کب لگاتے ہیں، ذرائع اس وقت لگایا جاتا ہے جب، آپ نے خبر دینی ہو اور آپ اپنی سورس ظاہر نہ کرنا چاہ رہے ہوں کہ آپ نے خبر کس سورس یعنی کس ذرائع سے لی ہے، عام لفظوں میں صحافی کو کس نے بتایا یہ کس کا بیان ہے، اگر کسی سرکاری افسر ، سیاست دان وزیر ، سینیٹر ہوتا تو ذرائع کی جگہ اس کا نام یا عہدہ یا ڈپارٹمنٹ یا ہاوس لگایا جاتا، مثال کے طور پر وزیرِ اعظم ، ایوان صدر۔ اور کبھی کبھی صحافی حضرات ذرائع کا استعمال اس وقت بھی کرتے ہیں جب وہ اپنے تجربے کی بنیاد پر خبر بناتے ہیں اورکبھی قیاس بھی کرتے ہیں، یعنی یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب ملک میں یہ موضوع زیرِ بحث ہے ممکن ہے دونوں شخصیتوں کے درمیان یہ بات ہوئی تب قیاس کی بنیاد پر ذرائع لگا کر امکان ظاہر کردیا جاتا ہےاور اگر خبر کبھی پلٹ بھی جائے تو کہا جاتا ہے ذرائع سے خبر دی تھی ، خیر یہ علیحدہ موضوع ہے اس پر کسی اور وقت بات کریں گے، ملاقات پر آتے ہیں، یہ ملاقات ہونی تھی اور،سیاسی تبصرے عروج پرپہنچ گئے کچھ نے کہا ذرائع کے مطابق محسن نقوی کوئی پیغام لے کر آئے اور انتظامی یونٹس سے متعلق صدر زرداری بھی راضی ہیں، وغیرہ وغیرہ ،اس سے قبل بھی آپ محسن نقوی صاحب کے بیانات کا جائزہ لیں تو انہوں نے ملک میں انتظامی یونٹس یا صوبوں کی بات اور اسکی ضرورت کو ہر جگہ اجاگر کیا ہے،یہاں یہ بات بھی بتانا لازمی ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے ملاقات کے اگلے دن اس ذرائع کی خبر اور پیغامات لانے کی بات کو رد کردیا تھا، نواب شاہ میں ہونے والی ملاقات کے کچھ دنوں بعد صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کا مطالبہ یا آپشن بھی سامنے آیا ، اور اب کہا جا رہا ہے کہ ریفرنڈم کیا جائے ، تو گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم پر بے باک انداز میں اپنا موقف پیش کیا اور کہا کہ سندھ میں تقسیم نہیں ہوسکتی سندھ اسمبلی اپنا موقف پہلے ہی دے چکی ہے ، اور کسی بھی صوبے میں مزید صوبے بنانے ہیں اس کا فیصلہ وہاں کی صوبائی اسمبلی کرتی ہے یہی آئین ہے ، اور اس مدعے پر ریفرنڈم بھی نہیں کیا جاسکتا ، بلاول بھٹو زرداری نے کشیدگی کی طرف بھی نشاندہی کی ، جس کے بعد وفاقی وزرا بھی بلاول بھٹو زرداری کی ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی تقریر کے خلاف یکے بعد دیگر سامنے آْئے اور انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے بیانیئے کو تنقید کا نشانہ بنایا، اس درمیان ایم کیوایم پاکستان کو کیسے فراموش کیا جاسکتا ہے ، صوبے کے معاملے میں ایم کیوایم پاکستان اور انکے رہنما، یعنی ، خالد مقبول صدیقی ، مصطفیٰ کمال ، فاروق ستار وغیر وغیرہ بھی مختلف فورمز پر سندھ کی تقسیم کی بات کرچکے ہیں اور بلکہ تقسیم کو اس وقت پاکستان کی عین ضرورت گردانتے ہیں ، پیپلز پارٹی کے رہنما ایم کیوایم کے مطالبے کو ایک بار پھر کراچی کو لسانی فسادات کی طرف دکھیلنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں، اور کہہ رہے ہیں متحدہ قومی مومنٹ پاکستان جو اس وقت خود متحد نہیں ان کے رہنماوں کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیا جاسکتا ، خیر اب سنیئے کیا سندھ تقسیم ہونے جارہا ہے؟ یہ تو فیصلہ وقت کرے گا ، لیکن کراچی کو وفاق کے سپرد کرنے کا بھی مطالبہ سامنے ہے ، مصطفیٰ کمال کئی بار صوبے کے مطالبے کے ساتھ کراچی کو وفاق کے سپرد کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں، یہاں یہ سوال اٹھتا ہے کیا کراچی سندھ کا حصہ پہلے تھا یا نہیں تو اس کا تاریخی پس منظؓر دیکھتے ہیں،
کراچی ، پاکستان کے قیام کے بعد ، 23 جولائی 1948 کو کراچی کو سندھ سے الگ کرکے وفاقی دارلحکومت یعنی پاکستان کا دارلحکومت قرار دیا گیا ، 3 اکتوبر 1955ء ون یونٹ اسکیم کے تحت سندھ سمیت مغربی پاکستان کے صوبوں کو ملا کر صوبہ مغربی پاکستان بنا دیا گیا۔ یکم جولائی 1961ء کراچی کی وفاقی حیثیت ختم کرکے اسے صوبہ مغربی پاکستان کی کراچی ڈویژن میں شامل کر دیا،یکم جولائی 1970ء ون یونٹ ختم ہوا اور صوبہ سندھ بحال ہوگیا۔ کراچی دوبارہ سندھ کا حصہ بنا اور سندھ کا دارالحکومت بھی قرار پایا۔ سوالات تو بنتے ہیں ، اگر کراچی الگ صوبہ ہوگا تو یہ بھی ایک مرحلہ ہے ، اس کی حدود کہاں تک ہوگی ، کیا حیدر آباد بھی کراچی صوبے میں ہوگا ، کیا اس کے اضلاع اس کے شہر بن جائیں گے یا کوئی اور ماڈل لایا جائے گا، سندھ اسمبلی جو قیامِ پاکستان سے پہلے یہاں پر واقع ہے کیا وہ کراچی اسمبلی بنے گی ، گورنر اور وزیرِ اعلیٰ ہاوس کیا کراچی کے گورنر اور وزیرِ اعلیٰ کی رہائش گاہ اور دفتر ہوگا، دیگر صوبائی ادارے دفاتر کیا کراچی کے دفاتر رہینگے ، وغیر وغیرہ ، دوسرا آپشن اگر کراچی وفاق کے زیرِ انتظام آتا ہے تو پھر سندھ اسمبلی اور دیگر سرکاری دفاتر کا کیا ہوگا، وزیرِ اعلیٰ گورنر سندھ سب یہی بیٹھیں گے یہیں سے کام کریں گے سب یہیں ہوگا لیکن انتظام وفاقی ہوگا تب کیا صورتحال ہوگی محکموں ، دفاتر کا کیا ہوگا، یہ بھی ماڈل طے ہونے ضروری ہے۔ ایک موقف پیپلز پارٹی کا بھی ہے کہ کراچی کو الگ صوبہ بننے نہیں دینگے یا وفاق کے سپردنہیں ہونے دیں گے، اس معاملے پرمقتدر حلقوں سیاسی جماعتوں سندھ کے رہنے والوں کو ایک پیج پر ہونا ضروری ہے
کراچی الگ صوبہ یا وفاق کے زیرِ انتظام






