سعید غنی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی رائے پر لوگوں کی چیخیں نکل گئی ہیں، اگر صوبے میں نئے صوبوں کی بات ہوگی تو سندھ اس کا بھرپور جواب دے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کل بلاول بھٹو نے تمام موضوعات پر اپنی رائے کا کھل کر اظہار کیا ہے، جس پر لوگوں کی چیخیں نکل گئی ہیں، کیونکہ سب ایک ہی مؤقف اپنا رہے ہیں کہ اس سے خونریزی ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سسٹم کو ری سیٹ کرنے کی بات کہیں اور سے آئی ہے اور نئے صوبوں کی بات پیپلز پارٹی نے شروع نہیں کی تھی بلکہ متحدہ قومی موومنٹ بلاوجہ معاملات کو دوسری طرف لے کر جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم صرف ان معاملات پر ہو سکتا ہے، جن کی آئین میں وضاحت نہ ہو، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کی پیش کردہ آئینی ترمیم کو سندھ اسمبلی اور کابینہ پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔
سعید غنی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر کسی کو آئینی طریقہ موجود ہے تو وہ صوبے کی بات سندھ اسمبلی میں لے کر آئے، کیونکہ اگر سندھ میں صوبے کی بات ہوگی تو سندھ اس کا جواب دے گا۔ اگر دیگر صوبے چاہیں تو نئے صوبے بنائیں لیکن سندھ کی مخالفت نہ کریں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پیپلز پارٹی سے نفرت کریں لیکن سندھ سے نفرت نہ کریں کیونکہ سندھ وہ واحد صوبہ ہے، جہاں سیاسی استحکام پایا جاتا ہے۔
ماضی کا ذکر کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں ماضی میں لسانی فسادات کے دوران ہزاروں افراد مارے گئے تھے اور متحدہ قومی موومنٹ کی مہم سے اب ایک بار پھر لسانی نفرتیں بڑھائی جا رہی ہیں، نفرتیں بڑھانا اور فساد کروانا اور پھر اس کا ذمہ دار بلاول کو ٹھہرانا ان کا پرانا شیوہ ہے، کیونکہ بلاول بھٹو نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ کراچی سب کا ہے۔






