شازیہ مری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے صوبوں اور دیگر اہم معاملات پر کبھی بلاول بھٹو زرداری کو اعتماد میں نہیں لیا، حکومت کے بعض وزرا اپنے بیانات سے وزیراعظم کو مشکل میں ڈال رہے ہیں۔
پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی دوہرا معیار نہیں ہے بلکہ حکومت کے بعض وزرا دوہری پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں اور صوبوں اور دفاع کے معاملات پر بیانات دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کام ایک یا دو وزرا کے بیانات کا جواب دینا نہیں ہے اور اگرچہ پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی جماعت ہے لیکن حکومتی بینچوں پر بیٹھنے کے باوجود وزیراعظم کو اتحادی جماعت سے براہ راست بات کرنی چاہیے کیونکہ وزیراعظم نے آج تک بلاول بھٹو زرداری یا صدر مملکت کو اس معاملے پر اعتماد میں نہیں لیا اور نہ ہی کابینہ میں اس پر کوئی باضابطہ بحث ہوئی ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ حکومت کے چند وزرا مسلسل بیانات دے رہے ہیں، جس سے لگتا ہے کہ وزیراعظم کے اردگرد موجود لوگ انہیں غیر ضروری طور پر مشکل میں ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے تفصیلی خطاب میں صرف اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، جو ان کا آئینی اور سیاسی حق ہے، اور اگر پیپلز پارٹی کو اپنی رائے دینے کی بھی اجازت نہیں ہے تو یہ بات واضح کر دی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی نے سیاسی نظام کے خاتمے یا سیاسی ری سیٹ کی کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی صوبوں کے حوالے سے ریفرنڈم کی بات کی ہے کیونکہ ریفرنڈم کی باتیں تو حکومت کے بعض لوگوں نے خود شروع کی تھیں۔
آئین کا حوالہ دیتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 239 کی شق 4 میں صوبائی حدود کی تبدیلی کا واضح طریقہ کار موجود ہے، جس کے مطابق کسی بھی صوبے کی حدود میں تبدیلی کی تجویز متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت سے منظور ہونا ضروری ہے، قومی سطح کا ریفرنڈم کسی صوبے کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کر سکتا۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ اب ہمیں ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے اور اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ پاکستان میں وزیراعظم بن کر جیل جانا اور پھر وزیراعظم بننا جیسے حالات کیوں پیدا ہوتے ہیں، ملک میں سیاسی عدم استحکام پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔






