لاہور (جی ٹی وی نیوز اردو): وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی عمرہ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، بڑھتے ہوئے سیاسی تناؤ اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیاسی کشیدگی کم کرنے اور حکومت کی توجہ ٹکراؤ کے بجائے کارکردگی اور ترقیاتی امور پر مرکوز رکھنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سیاسی محاذ آرائی کی طرف جانے کے بجائے حکومتی کارکردگی بہتر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے۔ اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ اختلافات اور معاملات کو بھی بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے ساتھ معاملات طے کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس معاملے پر اپنا نقطۂ نظر پیش کیا اور شرکا کو اپنی رائے سے آگاہ کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو سیاسی کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا ٹاسک دینے پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال ہوا کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ اختلافی امور کو محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے۔
اجلاس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی حکمت عملی بھی زیر بحث آئی۔
ذرائع کے مطابق پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیاریوں اور امیدواروں کے انتخاب پر مشاورت کی، جبکہ پارٹی سے مخلص نوجوان قیادت کو آگے لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ملاقات میں مجموعی طور پر سیاسی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق قیادت کی توجہ سیاسی تناؤ کم کرنے، اتحادیوں سے معاملات بہتر بنانے اور آئندہ انتخابی مرحلے کے لیے پارٹی تنظیم کو متحرک کرنے پر مرکوز رہی۔






