فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
راولپنڈی میں ہونے والی اس اعلیٰ سطح کی ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور خطے میں رونما ہونے والی جیو پولیٹیکل تبدیلیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مختلف ممکنہ راستوں اور حکمت عملیوں کا جائزہ لیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن اور استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیراتی کردار کو بھرپور انداز میں سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔






