برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 16 نومبر کو برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
معزز مہمان کی جنرل ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دوطرفہ عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے پختہ عزم کو اجاگر کیا۔
برطانوی معزز مہمان نے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو بھرپور انداز میں سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔ یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ عسکری روابط کو مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔






