مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ سندھ کی تقسیم پر خون بہنے سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر افسوس ہے، اگر سندھ میں ایک بھی قطرہ خون بہا تو اس کے ذمہ دار بلاول بھٹو ہوں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک بھر میں انتظامی یونٹس پر بات ہو رہی ہے لیکن بلاول بھٹو کی سندھ سے متعلق بات پر افسوس ہے، جنہوں نے کہا کہ تقسیم کی بات پر خون بہہ سکتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پورے ملک میں کوٹہ سسٹم نہیں ہے بلکہ یہ صرف سندھ میں نافذ ہے اور سندھ میں 18 سال سے پیپلز پارٹی حکمران ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص اور نوابشاہ سے متحدہ قومی موومنٹ جیتی ہے۔
وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ آئینی ترمیم کے بعد سندھ کو 22 ہزار ارب روپے ملے لیکن اس کے باوجود کراچی رہنے کے قابل نہیں رہا، شہر میں بچے مین ہول میں گر رہے ہیں، پینے کا پانی میسر نہیں اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کا کوئی نظام نہیں ہے۔
ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا گٹھ جوڑ توڑا، جبکہ رحمان ملک 9، 9 گھنٹے بانی ایم کیو ایم سے ملاقاتیں کرتے تھے اور آصف زرداری اور بانی ایم کیو ایم مل کر حکمرانی کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو راولپنڈی میں شہید ہوئیں لیکن پورا کراچی جلا دیا گیا اور اب آپ کہتے ہیں کہ جتنا کچرا ہوگا اتنا خون ہوگا، جو افسوسناک بات ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی میں رہنے والے چاہتے ہیں کہ شہر کو نیا انتظامی یونٹ بننا چاہیے اور پاکستان کو چلانے کے لیے چھوٹے صوبے ناگزیر ہیں، ہمیں ڈرایا نہ جائے کیونکہ ہم پہلے ہی مرے ہوئے ہیں، بلکہ ڈرے وہ جس نے 22 ہزار ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا، اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ کسی کی خواہش کو بچانا ہے یا ریاست کو بچانا ہے۔






