فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ لی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میران شاہ، شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔ میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز و انسداد دہشت گردی اقدامات کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کو مستحکم بنانے اور دیرپا امن کے اقدامات پر آگاہ کیا گیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بلند حوصلے، تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور مادر وطن کے دفاع کے عزم کو سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف بہادر فرنٹ لائن فورس ہے اور اس کی جرات، استقامت اور قربانیوں پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، فتنہ الخوارج کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں قابل تحسین ہیں اور خیبر پختونخوا میں حاصل شدہ امن و استحکام ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔






