ننکانہ صاحب میں سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک دیو جی کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات کا آغاز ہو گیا، جس میں شرکت کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے 30 ہزار سے زائد سکھ یاتری پہنچے ہیں۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ننکانہ صاحب میں سری بابا گرو نانک دیو جی مہاراج کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات 24 نومبر تک جاری رہیں گی، دنیا بھر سے 30 ہزار سے زائد سکھ یاتری مذہبی تقریبات میں شرکت کے لیے ننکانہ صاحب پہنچے ہیں، جو گوردوارہ جنم استھان سمیت مختلف گوردوارہ جات میں مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔
تقریبات میں شرکت کے لیے بھارتی سکھ یاتریوں کا پہلا قافلہ بھی ننکانہ صاحب پہنچ گیا ہے، جو جتھا لیڈر پرتاب سنگھ کی قیادت میں 939 یاتریوں پر مشتمل ہے اور 20 خصوصی بسوں کے ذریعے سخت سیکیورٹی حصار میں واہگہ بارڈر سے موٹر وے ایم 3 کے راستے یہاں پہنچا۔
پہلے قافلے کی آمد پر ڈپٹی کمشنر رعنا حمید اور ڈی پی او ارسلان زاہد سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران نے یاتریوں کا والہانہ استقبال کیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پھولوں کے ہار پہنائے جبکہ یاتریوں کے مذہبی نعروں سے فضا گونج اٹھی اور مزید قافلوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام 7 گوردوارہ جات میں سیکیورٹی، رہائش، لنگر اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور انتظامیہ و پولیس کے افسران ہمہ وقت یاتریوں کی خدمت اور حفاظت کے لیے موجود ہیں۔
ننکانہ صاحب میں موجود بھارتی سکھ یاتریوں نے پاکستان کی مہمان نوازی اور مقامی لوگوں کی محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں آ کر ان کے بہت سے خدشات اور غلط فہمیاں دور ہو گئی ہیں۔
ایک بزرگ بھارتی سکھ یاتری نے کہا کہ پاکستان آنے سے پہلے وہ یہاں کے بارے میں بہت کچھ سنتے تھے، لیکن یہاں آ کر سب افواہیں غلط ثابت ہوئیں کیونکہ مقامی لوگوں نے انہیں مہمان نہیں بلکہ اپنا سمجھا اور وہ پاکستانیوں کی محبت عمر بھر نہیں بھلا سکیں گے۔
ایک خاتون بھارتی سکھ یاتری نے کہا کہ انہیں یہاں کوئی ڈر محسوس نہیں ہوا، رہائش، کھانے اور سیکیورٹی کے انتظامات بہت اچھے ہیں اور جگہ جگہ لوگ ان کا حال پوچھتے اور پیار کرتے ہیں، جس کی وجہ سے اب واپس جانے کو دل نہیں کرتا۔
سکھ رہنما اور یاتری نے کہا کہ پاکستان نے کرتارپور راہداری کا دروازہ کھول کر احسان کیا، جسے وہ کبھی نہیں بھول سکتے، اور بھارت سرکار سے بھی اپیل ہے کہ راہداری کھولی جائے اور مذہب و سیاست کو الگ رکھا جائے تاکہ ہر سکھ کی بابا جی کی دھرتی کے دیدار کی تمنا پوری ہو سکے۔
ایک نوجوان بھارتی سکھ یاتری نے کہا کہ دنیا بھر کے لوگ خود آ کر دیکھیں کہ پاکستان نہ صرف ایک پرامن ملک ہے بلکہ محبت، بھائی چارے اور مہمان نوازی کا مظہر بھی ہے، جہاں بابا گرو نانک جی کا پیغام آج بھی زندہ ہے۔
یاتریوں کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات عوامی رابطوں، آزادانہ آمدورفت اور باہمی تجارت کے فروغ سے ممکن ہیں، جس سے دونوں ملکوں میں کاروبار، روزگار اور خطے کی خوشحالی کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔






