اسلام آباد: پاکستان میں سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا برگ وان لِنڈے نے وزیرِ مملکت و وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سویڈن کے دوطرفہ تعلقات اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران عالمی ڈیجیٹل منظرنامے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں اور ان سے جڑے چیلنجز پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے بالخصوص غلط اور گمراہ کن معلومات کی روک تھام، آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بچوں کی حفاظت سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
فریقین نے ایک محفوظ اور ذمہ دار ڈیجیٹل ماحول کے فروغ کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ذمہ دارانہ ڈیجیٹل گورننس کو یقینی بنانے اور ایسے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا، جو اب قومی سرحدوں تک محدود نہیں رہے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے خیالات کے تبادلے کو سراہا گیا اور پاکستان اور سویڈن کے درمیان مسلسل روابط اور باہمی تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔





