اسلام آباد: پاکستان کے اہم قومی انفرا اسٹرکچر کو سائبر حملوں سے محفوظ بنانے اور صنعتی شعبوں میں ڈیجیٹل سکیورٹی کے تقاضوں سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد میں پہلی آپریشنل ٹیکنالوجی سائبر سکیورٹی سمٹ منعقد ہوئی، جس میں ماہرین نے پالیسی سازی سے عملی اقدامات تک مؤثر حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔
ائیر یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ سمٹ کا اہتمام او ٹی ایسوسی ایٹس نے ائیر یونیورسٹی اور نیشنل سینٹر فار سائبر سکیورٹی کے اشتراک سے کیا۔ اجلاس میں حکومتی ریگولیٹرز، صنعتی اداروں کے نمائندوں، پالیسی سازوں اور سائبر سکیورٹی ماہرین نے شرکت کی۔
سمٹ کے دوران آپریشنل ٹیکنالوجی (OT) سے متعلق سائبر سکیورٹی کے مسائل، صنعتی نظاموں کو ممکنہ خطرات اور قومی انفرا اسٹرکچر کے تحفظ کے لیے درکار اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے توانائی، تیل و گیس، مینوفیکچرنگ اور ٹیلی کمیونیکیشن جیسے اہم شعبوں کو سائبر خطرات سے محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان شعبوں میں آپریشنل ٹیکنالوجی صنعتی نظاموں، پیداواری عمل اور مختلف بنیادی سہولتوں کے انتظام میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جس کے باعث ان نظاموں کی سکیورٹی قومی اور صنعتی سطح پر اہمیت رکھتی ہے۔
سمٹ میں سائبر سکیورٹی کے حوالے سے صرف پالیسیوں اور ضوابط تک محدود رہنے کے بجائے عملی سطح پر حفاظتی اقدامات، اداروں کی استعداد کار اور تکنیکی مہارتوں کو بہتر بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
ماہرین نے صنعتی ضروریات کے مطابق تربیت یافتہ سائبر سکیورٹی ماہرین تیار کرنے پر زور دیا، تاکہ مختلف اداروں کو جدید سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے مطلوبہ انسانی وسائل میسر آسکیں۔
اجلاس میں حکومتی اداروں، صنعتوں، تعلیمی شعبے اور سائبر سکیورٹی ماہرین کے درمیان تعاون کو مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی توجہ دی گئی، تاکہ پاکستان کے اہم انفرا اسٹرکچر کی حفاظت کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جاسکے۔





