پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے پاکستان بھر میں اسمارٹ فون، ٹیبلٹ اور کمپیوٹر صارفین کو غیر مجاز رسائی، ذاتی معلومات کی چوری اور دیگر ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ رہنے کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کردی ہیں۔
پی ٹی اے کی ایڈوائزری میں والدین کو بھی بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مختلف اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو اپنے ڈیجیٹل آلات کی حفاظت کے لیے مضبوط پاس ورڈز استعمال کرنے اور فنگر پرنٹ اسکیننگ یا چہرے کی شناخت جیسے بائیومیٹرک سیکیورٹی فیچرز فعال رکھنے کا مشورہ دیا ہے، تاکہ غیر مجاز افراد آلات تک رسائی حاصل نہ کرسکیں۔
پی ٹی اے کے مطابق صارفین کو اپنے آلات پر سافٹ ویئر اپ ڈیٹس اور سیکیورٹی پیچز باقاعدگی سے انسٹال کرنے چاہئیں، تاکہ ممکنہ سیکیورٹی خامیوں کو دور کیا جاسکے۔
اہم ڈیٹا کا بیک اپ رکھنے کی ہدایت
اتھارٹی نے اہم دستاویزات، تصاویر اور رابطوں کا باقاعدگی سے بیک اپ رکھنے کی بھی سفارش کی ہے۔ صارفین محفوظ کلاؤڈ اسٹوریج سروسز یا بیرونی اسٹوریج ڈرائیوز کے ذریعے اپنے ڈیٹا کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
والدین کو بچوں کے لیے پیرنٹل کنٹرول ٹولز استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جن کی مدد سے اسکرین ٹائم محدود کیا جاسکتا ہے، مخصوص ایپس تک رسائی کنٹرول کی جاسکتی ہے اور نامناسب آن لائن مواد کو بلاک کیا جاسکتا ہے۔
گمشدہ ڈیوائس کی تلاش کے لیے ٹریکنگ سروسز استعمال کریں
پی ٹی اے نے شہریوں کو Apple Find My اور Google Find My Device جیسی ٹریکنگ سروسز استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ان ٹولز کی مدد سے گمشدہ یا کہیں رہ جانے والے موبائل فونز اور دیگر آلات کی لوکیشن معلوم کرنے، انہیں محفوظ بنانے اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
ڈیوائس فروخت یا مرمت کے لیے دینے سے پہلے ڈیٹا حذف کریں
اتھارٹی نے صارفین کو اسمارٹ فون، ٹیبلٹ یا کمپیوٹر فروخت کرنے، کسی کو عطیہ دینے یا مرمت کے لیے حوالے کرنے سے قبل فیکٹری ری سیٹ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
فیکٹری ری سیٹ کے ذریعے ڈیوائس میں موجود ذاتی معلومات حذف کی جاسکتی ہیں، جس سے حساس ڈیٹا کی چوری اور غلط استعمال کے خطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ ڈیجیٹل آلات استعمال کرتے وقت سیکیورٹی اقدامات کو نظرانداز نہ کریں اور اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔






