نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے واٹس ایپ کی پانچ سکیورٹی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے صارفین اور اداروں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان خامیوں کے باعث صارفین کا ڈیٹا متاثر ہونے، چیٹ معلومات لیک ہونے اور ڈیوائسز کو سائبر حملوں کا نشانہ بنائے جانے کا خطرہ موجود ہے۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ، آئی او ایس، ونڈوز اور میک ورژنز میں مختلف سکیورٹی خامیاں سامنے آئی ہیں، جنہیں بروقت دور نہ کرنے کی صورت میں صارفین کی پرائیویسی اور ڈیوائسز کی سکیورٹی متاثر ہو سکتی ہے۔
مقامی فائلیں ڈیلیٹ اور چیٹ ڈیٹا لیک ہونے کا خدشہ
جاری کردہ ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ کی بعض سکیورٹی خامیوں کے ذریعے صارفین کی مقامی فائلیں ڈیلیٹ ہونے اور چیٹ ڈیٹا لیک ہونے کا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ صارفین کے آئی پی ایڈریس بھی افشا کیے جا سکتے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز واٹس ایپ کے ذریعے نقصان دہ لنکس بھیج سکتے ہیں، جبکہ جعلی دستاویزات کے ذریعے ایسی فائلیں چلانے کا خطرہ بھی موجود ہے جو صارفین کے ڈیوائسز کو متاثر کر سکتی ہیں۔
بعض خامیوں کے ذریعے صارفین کے موبائل فونز اور کمپیوٹرز کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، جبکہ واٹس ایپ کی ایک سکیورٹی خامی اسپام پیغامات کے ذریعے بھی استعمال کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صارفین اور اداروں کو فوری طور پر سائبر سکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ایڈوائزری میں صارفین کو واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کے تازہ ترین ورژنز انسٹال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ غیر سرکاری اور ترمیم شدہ واٹس ایپ ایپلی کیشنز استعمال نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے، کیونکہ ایسی ایپلی کیشنز صارفین کے لیے مزید سکیورٹی خطرات پیدا کر سکتی ہیں۔
نامعلوم نمبرز سے موصول ہونے والے لنکس نہ کھولیں
ایڈوائزری میں صارفین کو نامعلوم نمبرز سے موصول ہونے والے مشکوک لنکس، فائلز اور پیغامات کھولنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسی بھی مشکوک پیغام یا اکاؤنٹ کی صورت میں اسے بلاک اور رپورٹ کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے موبائل فونز اور کمپیوٹرز میں انسٹال واٹس ایپ کے ورژنز چیک کریں اور یقینی بنائیں کہ ایپلی کیشنز اپ ڈیٹ ہیں۔
مزید برآں کمپیوٹرز پر اینڈ پوائنٹ سکیورٹی اور خودکار اپ ڈیٹس فعال رکھنے کی سفارش کی گئی ہے، تاکہ ممکنہ سائبر حملوں سے بچاؤ کے اقدامات مؤثر بنائے جا سکیں۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صارفین اور اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ واٹس ایپ کی سکیورٹی سے متعلق ہدایات پر عمل کریں اور اپنی ڈیوائسز کو تازہ ترین سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کے ذریعے محفوظ رکھیں۔






