وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزارتِ قومی صحت کی محفوظ دوا ایپلی کیشن کا افتتاح کر دیا، جس سے دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت اور دستیابی معلوم کی جا سکے گی۔
اسلام آباد میں وزارتِ قومی صحت کی محفوظ دوا ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے محفوظ دوا ایپلی کیشن کا اجرا کر دیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ معیاری طبی سہولتوں کو فروغ دینے سے متعلق شاندار اقدام ہے اور 2010 اور 2011 میں پی آئی سی میں غیر معیاری ادویات سے جانیں ضائع ہوئیں، دل کے مریضوں کو دی گئی ادویات کے نمونے یورپ بھجوائے گئے جہاں یورپی لیبارٹریوں نے تصدیق کی کہ مریضوں کو دی گئی ادویات دل نہیں ملیریا کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے واقعات سے سبق سیکھ کر عوامی خدمت کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے، جب ڈریپ کے سی ای او تقریر کر رہے تھے تو وہ ماضی میں کھو گئے، جہاں ماضی میں جعلی ادویات کی تصدیق سے متعلق سنگین غفلت سامنے آئی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایپ بنانے پر وزیرِ صحت اور سی ای او ڈریپ مبارکباد کے مستحق ہیں اور محفوظ دوا منصوبے کا پیغام وزارتِ اطلاعات کے تعاون سے گھر گھر پہنچایا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ایپ سے دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت اور دستیابی معلوم کی جا سکے گی، ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید کے مطابق ہونی چاہئیں، ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر شہری کے لیے برابر ہونی چاہئیں اور وفاق و صوبوں کو مل کر عوام کو سستی و معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔






