کراچی کے شہریوں کے لیے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ اور مستقل رہائش سرٹیفکیٹ (پی آر سی) بنوانے کا عمل آسان بنانے کے لیے سندھ حکومت نے نیا ای ڈومیسائل اور پی آر سی ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ یا آن لائن پورٹل سے درخواست دے سکیں گے۔
نئے نظام کے تحت شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے اور طویل قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت کم ہوگی، جبکہ درخواستوں کی کارروائی میں بھی تیزی لانے کی کوشش کی گئی ہے۔
سندھ حکومت کا ای ڈومیسائل پورٹل افتتاح
سندھ کے چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے ای ڈومیسائل اور پی آر سی پورٹل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈومیسائل بنوانا نوجوانوں کے لیے سرکاری نظام سے رابطے کا ابتدائی تجربہ ہوتا ہے، اس لیے اس عمل کو آسان اور سہل بنانا حکومت کے بارے میں عوامی تاثر بہتر کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
ان کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے ذریعے جعلی درخواستوں اور غیر قانونی ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے اجرا کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ اس سہولت کو مرحلہ وار سندھ کے دیگر اضلاع تک توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔
آن لائن درخواست کیسے جمع ہوگی؟
کراچی کمشنر سید حسن نقوی کے مطابق شہری نئے پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد اپنی درخواست جمع کرا سکیں گے۔ نظام میں چہرے کی شناخت کی تصدیق اور ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی سہولت بھی شامل ہے۔
درخواست گزار مقررہ فیس آن لائن یا بینک چالان کے ذریعے ادا کر سکیں گے، جبکہ درخواست کی پیشرفت اور نتیجے کو بھی پورٹل کے ذریعے ٹریک کیا جا سکے گا۔
دستاویزات کی جانچ اور سرٹیفکیٹ کی تصدیق
آن لائن درخواست جمع ہونے کے بعد متعلقہ ڈپٹی کمشنر کا دفتر دستاویزات کا جائزہ لے گا اور درخواست کی منظوری یا مسترد ہونے کا فیصلہ کرے گا۔
نئے نظام میں ڈومیسائل اور پی آر سی کا ڈیجیٹل ریکارڈ ایک پلیٹ فارم پر محفوظ رکھا جائے گا۔ مجاز ادارے بھی جاری کردہ سرٹیفکیٹس کی آن لائن تصدیق فوری طور پر کر سکیں گے۔
افتتاحی تقریب میں کراچی کمشنر اور تمام ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے، جبکہ چیف سیکریٹری نے نئے پورٹل کے ذریعے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے نوجوان درخواست گزاروں کو ڈومیسائل بھی حوالے کیے۔






