سعودی عرب کے مختلف شہروں میں حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا گیا، تاہم ٹکڑے گرنے سے مکہ ریجن، جدہ، طائف اور رابغ کے مختلف علاقے متاثر ہوئے۔
سعودی سول ڈیفنس نے تصدیق کی ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ اور مدینہ ریجن کی سمت داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں روکے جانے کے بعد ان کے ٹکڑے مختلف رہائشی اور کھلے علاقوں میں گرے ہیں۔
سرکاری ترجمان کے مطابق میزائل کے کچھ حصے مکہ ریجن کی وادی المغمس میں جبکہ ان کا ملبہ جدہ کے النزھہ ڈسٹرکٹ، طائف کی وادی جلیل اور رابغ کمشنری کے مستورہ مرکز میں گرا ہے۔ اطلاع ملتے ہی سول ڈیفنس کی ٹیموں نے فوری طور پر طے شدہ حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد شروع کر دیا۔
اس سے قبل یمن کی قانونی حکومت کی حمایت کرنے والی اتحادی افواج نے بتایا تھا کہ سعودی عرب کی طرف داغے جانے والے ان میزائلوں کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
سعودی سول ڈیفنس نے ارلی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے جدہ، مکہ مکرمہ، طائف اور ینبع کے مکینوں کو ممکنہ فضائی خطرات سے خبردار کیا تھا اور بعد میں خطرہ ٹل جانے کا اعلان کیا۔
اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی طرف داغے جانے والا بیلسٹک میزائل اور الشرقیہ میں ایک ڈرون بھی کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔






