ایران نے کسی بھی نئے حملے کا جواب دینے کے لیے اپنے فوجی منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے، جبکہ ایرانی مسلح افواج ممکنہ فوجی کارروائی کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق ایک سینئر ایرانی سیکیورٹی اور سیاسی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تہران نے کسی بھی فوجی جارحیت کا جامع اور بڑے پیمانے پر جواب دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
عہدیدار نے خبردار کیا کہ ایران کے مخالفین اور خطے میں ان کے اتحادیوں کو ایرانی جوابی کارروائی کے پیمانے اور شدت پر حیرت ہوسکتی ہے۔ ایران کسی بھی نئے حملے کی صورت میں اپنے طے شدہ فوجی منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران کو ایسی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا جسے تہران دہشت گردانہ قرار دیتا ہے تو اس کا جواب بھی اسی پیمانے پر یا اس سے زیادہ وسیع ہوگا۔
فارس ایجنسی کے مطابق ممکنہ جوابی کارروائی میں ایران کے مخالفین اور ان کے علاقائی اتحادیوں کی تنصیبات، مراکز اور ہیڈکوارٹرز کو بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
ایرانی عہدیدار نے واضح کیا کہ تہران کسی بھی نئی فوجی جارحیت کا وسیع پیمانے پر جواب دینے کی تیاری مکمل کرچکا ہے۔






