چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) سے وابستہ افراد کے لیے بینک سے قرض حاصل کرنا اب پہلے سے زیادہ آسان ہونے جا رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کاروباری افراد کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل پورٹل ایس ایم ای کنیکٹ (SME Connect) متعارف کرا دیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے کاروباری افراد گھر بیٹھے فنانسنگ کے لیے درخواست جمع کروا سکیں گے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق یکم نومبر 2026 سے ملک بھر میں ایس ایم ای فنانسنگ کی تمام درخواستیں صرف اسی آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد درخواست جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانا اور کاروباری افراد کو بینکوں تک رسائی کے لیے ایک ڈیجیٹل سہولت فراہم کرنا ہے۔
ایس ایم ای کنیکٹ پورٹل پر اکاؤنٹ بنانے کا طریقہ
قرض کے حصول کے لیے سب سے پہلے کاروباری افراد کو اسٹیٹ بینک کے پورٹل smeconnect.sbp.org.pk پر جانا ہوگا۔ وہاں موجود "Please Register” کے آپشن پر کلک کرکے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جا سکتا ہے۔
رجسٹریشن کے دوران درخواست گزار کو اپنا نام، موبائل نمبر، ای میل ایڈریس اور شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ہوگا۔ اس کے بعد موبائل فون یا ای میل پر ایک ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) موصول ہوگا۔ اس کو درج کرنے سے اکاؤنٹ فعال ہو جائے گا۔
بینک اکاؤنٹ کی تصدیق ضروری ہوگی
اکاؤنٹ بنانے کے بعد اگلے مرحلے میں کاروباری افراد کو اپنے مرکزی کاروباری بینک اکاؤنٹ کا IBAN نمبر درج کرنا ہوگا۔ بینک اکاؤنٹ کی تصدیق اس عمل کا لازمی حصہ ہے۔ اگر کسی کاروباری شخص کا ابھی تک بینک اکاؤنٹ نہیں ہے تو اسے پہلے اکاؤنٹ کھلوانا ہوگا۔
اگر درخواست گزار کے مختلف بینکوں میں اکاؤنٹس موجود ہیں تو اسے اسی بینک کا IBAN درج کرنا چاہیے جس سے وہ فنانسنگ حاصل کرنا چاہتا ہے۔
کاروبار کی مکمل معلومات درج کرنا ہوں گی
بینک اکاؤنٹ کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد کاروبار سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس میں کاروبار کا نام، نیشنل ٹیکس نمبر (NTN)، کاروباری پتا، کاروبار شروع کرنے کا سال اور سالانہ فروخت کی تفصیلات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کاروبار کی رجسٹریشن کرنے والے ادارے کی معلومات بھی درج کرنا ہوں گی۔ تمام ضروری تفصیلات فراہم کرنے کے بعد کاروباری پروفائل مکمل ہو جائے گا۔
قرض کی درخواست کیسے جمع کرائیں؟
پروفائل مکمل ہونے کے بعد پورٹل کے ڈیش بورڈ پر "Apply for New Financing” کا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔ اس مرحلے میں درخواست گزار اپنی ضرورت کے مطابق قرض کی رقم اور واپسی کی مدت کا انتخاب کر سکے گا۔
اس کے ساتھ فنانسنگ کی قسم بھی منتخب کرنا ہوگی۔ جو کاروباری افراد اسلامی بینکاری کے ذریعے قرض حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے اسلامی فنانسنگ کا آپشن بھی موجود ہوگا۔
تمام معلومات درج کرنے کے بعد درخواست کا دوبارہ جائزہ لینا ضروری ہے۔ اگر معلومات درست ہوں تو "Agree & Submit” پر کلک کرکے درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔ درخواست کامیابی سے جمع ہونے پر ایک کیس آئی ڈی (Case ID) اور ریفرنس نمبر جاری کیا جائے گا۔ اسے محفوظ رکھنا چاہیے تاکہ بعد میں درخواست کی تفصیلات معلوم کی جا سکیں۔
درخواست کا اسٹیٹس گھر بیٹھے چیک کریں
درخواست جمع کرانے کے بعد کاروباری افراد کو بینک جانے یا بار بار رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وہ ایس ایم ای کنیکٹ پورٹل پر موجود "Track Application” کے آپشن کے ذریعے اپنی درخواست کی پیشرفت دیکھ سکیں گے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اگر درخواست کے ساتھ تمام ضروری معلومات اور دستاویزات مکمل ہوں تو متعلقہ بینک مقررہ مدت کے اندر درخواست پر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔
ایس ایم ایز کے لیے 50 کروڑ روپے تک فنانسنگ
اسٹیٹ بینک نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے فنانسنگ کی حد بھی بڑھا کر 50 کروڑ روپے، یعنی 500 ملین روپے تک کر دی ہے۔ اس سے کاروباری افراد کو اپنے موجودہ کاروبار کو وسعت دینے اور نئے کاروباری منصوبے شروع کرنے کے لیے زیادہ مالی سہولت مل سکتی ہے۔
اگر کسی درخواست گزار کو پورٹل استعمال کرنے میں مشکل پیش آئے یا فنانسنگ کے عمل سے متعلق کوئی شکایت ہو تو وہ اسٹیٹ بینک کی ہیلپ لائن +92 21 111 727 273 پر رابطہ کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ شکایت درج کرانے کے لیے "Sunwai” پورٹل سے بھی مدد لی جا سکتی ہے۔






