اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں فاضل چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، ملکی منڈیوں میں چینی کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں فاضل چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے دوران کمیٹی نے ملک بھر میں چینی کی مجموعی طلب اور رسد کے توازن کا جائزہ لیا، جس میں پیداوار اور کھپت کے موجودہ تخمینوں اور مقامی منڈیوں میں چینی کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے سپلائی چین کے انتظامات کا معائنہ کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملکی منڈیوں میں چینی کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں حکومت عام عوام کو سہولت فراہم کرنے اور صارفین کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، تجارت، قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور قانون و انصاف کے سیکرٹریز سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔






