کراچی (جی ٹی وی نیوز): محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے سرکاری کالجوں کے پرنسپلز اور انتظامی افسران کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں نامزد تمام افسران کی شرکت لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق تربیتی پروگرام محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن کے ٹی ایم آر ونگ کے تحت منعقد ہوگا۔ پروگرام کا پہلا بیچ 23 نومبر 2026 سے شروع ہوگا۔
تربیتی پروگرام میں کن امور پر توجہ دی جائے گی؟
تربیتی سیشنز میں فنانشل مینجمنٹ، پراجیکٹ مینجمنٹ اور سول سروس رولز سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پروکیورمنٹ، لیڈرشپ اور ڈیجیٹل گورننس کے موضوعات بھی تربیتی پروگرام کا حصہ ہوں گے۔
تربیتی پروگرام کے سیشنز صبح 8 بج کر 45 منٹ سے شام 6 بج کر 30 منٹ تک جاری رہیں گے۔ تمام شرکا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تربیتی سیشنز میں شرکت کے لیے اپنا لیپ ٹاپ لازمی ساتھ لائیں۔
غیر حاضری یا استثنیٰ کی درخواست قبول نہیں ہوگی
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ نامزد تمام افسران کے لیے تربیتی پروگرام میں شرکت لازمی ہوگی اور کسی قسم کی چھوٹ یا استثنیٰ کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔
شرکا کو حاضری یقینی بنانے، وقت کی پابندی کرنے اور تربیتی سیشنز کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ کراچی سے باہر کے شہروں سے آنے والے شرکا اپنی رہائش کا انتظام خود کریں گے۔
تربیت مکمل ہونے پر رپورٹ جمع کرانا ہوگی
تربیتی پروگرام مکمل ہونے کے بعد تمام شرکا کو اپنے متعلقہ محکمے میں رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد کالج پرنسپلز اور انتظامی افسران کو مالیاتی امور، سرکاری قواعد و ضوابط، انتظامی معاملات اور جدید طرز حکمرانی سے متعلق تربیت فراہم کرنا ہے۔





