کراچی (جی ٹی وی نیوز اردو): سندھ میں منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے، جس کے بعد رواں سال صوبے میں رپورٹ ہونے والے مریضوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق کراچی کی رہائشی خاتون میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون کو دو روز قبل نیپا اسپتال لایا گیا تھا۔ طبی معائنے کے بعد ان کے ٹیسٹ کیے گئے، جن کی رپورٹ آنے پر منکی پاکس کی تصدیق ہوئی۔
محکمہ صحت کے مطابق رواں سال سندھ میں منکی پاکس کے باعث 12 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔ نئے کیس کے سامنے آنے کے بعد صوبے میں اس بیماری کے پھیلاؤ اور مریضوں کی صورتحال پر تشویش بڑھ گئی ہے۔
منکی پاکس ایک متعدی بیماری ہے، جس کی علامات ظاہر ہونے پر طبی معائنہ کروانا ضروری ہے۔ صحت کے حکام کی جانب سے بیماری کی بروقت تشخیص، متاثرہ افراد کی نگرانی اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد اس کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔






