سردیوں میں پاؤں کا ٹھنڈا رہنا، انگلیوں کا دیر سے گرم ہونا اور رات کے وقت ٹانگوں میں اچانک کھنچاؤ محسوس ہونا عام بات ہے، تاہم اگر یہ علامات مسلسل برقرار رہیں تو انہیں صرف موسم کی شدت کا اثر سمجھ کر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
طبی ماہرین کے مطابق پاؤں کا مسلسل ٹھنڈا رہنا اور ٹانگوں میں بار بار درد یا کھنچاؤ بعض اوقات خون کی روانی متاثر ہونے یا شریانیں تنگ ہونے کی علامت بھی ہوسکتا ہے۔ اس کیفیت کو طبی زبان میں پیریفرل آرٹری ڈیزیز (پی اے ڈی) کہا جاتا ہے۔
اس بیماری میں شریانوں کے اندر چربی جمع ہونے کے باعث خون کا بہاؤ کم ہوجاتا ہے۔ یہ مسئلہ صرف ٹانگوں تک محدود نہیں رہتا بلکہ دل اور دماغ کی شریانوں کی بیماریوں کے خطرے سے بھی تعلق رکھ سکتا ہے۔
سردیوں میں پاؤں زیادہ ٹھنڈے کیوں ہوجاتے ہیں؟
سرد موسم میں جسم اپنی حرارت برقرار رکھنے کے لیے جلد کے قریب موجود خون کی نالیوں کو سکیڑ دیتا ہے، تاکہ جسم کی گرمی ضائع نہ ہو۔ اس قدرتی عمل کو ویزوکنسٹرکشن کہا جاتا ہے۔
ماہرینِ اعصابی امراض کے مطابق صحت مند افراد میں سردی کے دوران خون کی نالیوں کا سکڑنا معمول کی بات ہے، لیکن اگر پہلے ہی شریانوں میں چربی جمع ہونے کے باعث خون کا راستہ تنگ ہو تو سرد موسم میں پاؤں اور ٹانگوں کی تکلیف زیادہ نمایاں ہوسکتی ہے۔
شریانوں میں چربی جمع ہونے کے اس عمل کو ایتھروسکلروسس کہتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ چربی کی تہہ موٹی ہونے سے خون کی روانی مزید متاثر ہوسکتی ہے، جس سے دل کے دورے اور فالج کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
ٹانگوں میں کھنچاؤ کب خطرے کی علامت ہے؟
اگر چلتے ہوئے پنڈلیوں یا ٹانگوں میں درد شروع ہوجائے اور کچھ دیر آرام کرنے سے ختم ہوجائے تو اسے معمولی تھکن سمجھ کر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ یہ پیریفرل آرٹری ڈیزیز کی اہم علامات میں شامل ہوسکتا ہے۔
ایسا اس وقت ہوتا ہے جب چلنے یا جسمانی سرگرمی کے دوران پٹھوں کو مطلوبہ مقدار میں آکسیجن والا خون نہیں مل پاتا۔ طبی زبان میں اس کیفیت کو انٹرمیٹنٹ کلاڈیکیشن کہا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ اگر ایک پاؤں دوسرے کے مقابلے میں زیادہ ٹھنڈا محسوس ہو، پاؤں کی رنگت سفید یا نیلی ہوجائے، ٹانگوں میں سن ہونے، سوئیاں چبھنے جیسا احساس یا کمزوری پیدا ہو تو بھی احتیاط ضروری ہے۔
بعض افراد کو آرام کی حالت میں بھی پاؤں میں درد رہتا ہے، جبکہ انگلیوں یا پاؤں پر بننے والے زخم دیر سے ٹھیک ہوتے ہیں۔ یہ علامات خون کی فراہمی میں کمی کی طرف اشارہ کرسکتی ہیں۔
امریکی ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کے مطابق اس بیماری میں جسمانی سرگرمی کے دوران ٹانگوں میں درد، کھنچاؤ اور تکلیف ہوسکتی ہے، تاہم بعض مریضوں میں واضح علامات سامنے نہیں آتیں۔
کن افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے؟
ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کے مریضوں کو خاص طور پر اپنی ٹانگوں اور پاؤں کی صحت پر توجہ دینی چاہیے۔ اس کے علاوہ سگریٹ نوشی کرنے والے افراد اور ایسے لوگ جن کے خاندان میں دل یا خون کی شریانوں کی بیماری کی تاریخ موجود ہو، ان میں بھی پیریفرل آرٹری ڈیزیز کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں میں پاؤں کے زخم دیر سے ٹھیک ہونے اور خون کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہوتا ہے، اس لیے انہیں اپنے پاؤں کا روزانہ معائنہ کرنا چاہیے۔
خون کی روانی میں کمی کا پتا کیسے چلتا ہے؟
اگر پاؤں مسلسل ٹھنڈے رہیں، ٹانگوں میں بار بار کھنچاؤ ہو یا چلنے کے دوران درد محسوس ہو تو ڈاکٹر سے معائنہ کروانا ضروری ہے۔
ڈاکٹر مریض کی طبی تاریخ معلوم کرنے کے بعد پاؤں کا معائنہ اور ٹانگوں کی نبض چیک کرتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر مختلف ٹیسٹوں کے ذریعے خون کی روانی اور شریانوں کی حالت کا جائزہ لیا جاتا ہے، جبکہ بعض صورتوں میں انجیوگرافی جیسے مزید ٹیسٹ بھی تجویز کیے جاسکتے ہیں۔
سردیوں میں خون کی روانی بہتر رکھنے کے طریقے
سردیوں میں پاؤں کو گرم رکھنا ضروری ہے، تاہم صرف گرم موزے پہننے سے تنگ شریانوں کا مسئلہ ختم نہیں ہوتا۔ اس کے لیے روزمرہ زندگی میں صحت مند عادات اپنانا بھی اہم ہے۔
باقاعدگی سے چہل قدمی اور ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق ورزش کرنے سے ٹانگوں کی جسمانی کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے۔ سگریٹ نوشی سے مکمل پرہیز بھی ضروری ہے کیونکہ تمباکو خون کی نالیوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور شریانوں کی بیماری کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
اس کے علاوہ بلڈ شوگر، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو قابو میں رکھنا چاہیے۔ سرد موسم میں آرام دہ اور گرم جوتے پہنیں اور پاؤں پر کسی قسم کے زخم، سوجن یا رنگت کی تبدیلی کی صورت میں طبی توجہ حاصل کریں۔
زیادہ دیر ایک ہی جگہ بیٹھنے سے گریز کریں اور وقتاً فوقتاً اپنی پوزیشن تبدیل کرتے رہیں۔ مسلسل ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنے کی عادت سے بھی پرہیز کرنا بہتر ہے۔
شریانیں تنگ یا بند ہونے کی صورت میں علاج کیا ہے؟
اس بیماری کا علاج اس بات پر منحصر ہوتا ہے کہ شریان کتنی تنگ ہے اور خون کی روانی کس حد تک متاثر ہوئی ہے۔ ڈاکٹر خون کے لوتھڑے بننے کا خطرہ کم کرنے، کولیسٹرول گھٹانے اور بلڈ پریشر قابو میں رکھنے کے لیے ادویات تجویز کرسکتے ہیں۔
ورزش اور طرزِ زندگی میں تبدیلی بھی علاج کا اہم حصہ ہیں۔ اگر شریان میں رکاوٹ زیادہ ہو تو انجیوپلاسٹی کے ذریعے خون کی روانی بہتر بنانے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ اس طریقے میں ایک چھوٹے غبارے کی مدد سے تنگ شریان کو کھولا جاتا ہے اور بعض صورتوں میں اسٹنٹ بھی ڈالا جاتا ہے۔
شدید رکاوٹ کی صورت میں بائی پاس سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے، جس میں خون کی روانی کے لیے متاثرہ حصے کے متبادل راستہ بنایا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سردیوں میں پاؤں ٹھنڈے ہونا ہمیشہ کسی بیماری کی علامت نہیں، لیکن اگر یہ مسئلہ مسلسل رہے اور اس کے ساتھ درد، سن ہونے یا پاؤں کی رنگت بدلنے جیسی علامات بھی ظاہر ہوں تو طبی معائنہ ضرور کروانا چاہیے۔
خاص طور پر اگر اچانک ٹانگ میں شدید درد شروع ہوجائے، پاؤں یکدم ٹھنڈا یا سفید پڑ جائے یا اچانک سن ہونے لگے تو فوری طبی امداد حاصل کریں، کیونکہ یہ خون کی فراہمی میں اچانک رکاوٹ کی خطرناک علامت ہوسکتی ہے۔






