وزیر خزانہ نے گروپ 24 میں عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات، ترقی پذیر ممالک کے لیے سستے قرضوں کی فراہمی کو پاکستان کی اولین ترجیح قرار دیا۔
پاکستان نے گروپ 24 کی چیئرمین شپ سنبھال لی ہے، جس کے بعد وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو گروپ 24 کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کو پاکستان کی ترجیح قرار دیتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کو عالمی مالیاتی اداروں میں زیادہ نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی پالیسیوں میں ترقی کو مرکزی حیثیت دی جانی چاہیے اور ترقی پذیر ممالک کے لیے سستے قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر خزانہ نے عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ میں منصفانہ فیصلہ سازی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور قرضوں کے مسائل سے نمٹنا اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان گروپ 24 کے ذریعے ترقی پذیر ممالک کی آواز بنے گا اور اجتماعی آواز کو عملی اثر و رسوخ میں بدلنا ہمارا اصل ہدف ہے۔
پاکستان کو گروپ 24 کی چیئرمین شپ ملنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے گہرے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے گروپ 24 کی صدارت کو عالمی معاشی منظرنامے پر ایک اہم سفارتی سنگ میل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس چیئرمین شپ سے عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے کردار کو مزید تقویت ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ کے اجلاسوں میں پاکستان کے نمایاں مقام کو سراہا گیا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا ہے کہ گروپ 24 پلیٹ فارم عالمی مالیاتی نظام میں ضروری اصلاحات میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس چیئرمین شپ سے موسمیاتی تبدیلی اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے فنڈنگ کا فروغ ممکن ہوگا۔






