وزیرآباد میں چھ سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کا عادی مجرم ملزم مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق وزیرآباد میں کمسن بچیوں سے زیادتی کا مرتکب ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ہے۔ ملزم جنید بھٹہ سوہدرہ کا رہائشی اور ایک عادی مجرم بتایا گیا ہے، جس نے 6 سالہ بچی سے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی کوشش کی تھی۔
ملزم پولیس تھانہ سوہدرہ کی حراست میں موجود تھا اور اسے پوٹینسی ٹیسٹ کے لیے اسپتال لے جایا جا رہا تھا۔ اس دوران ملزم کے 2 نامعلوم ساتھیوں نے ملزم کو پولیس کی حراست سے چھڑوانے کی مبینہ کوشش کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے اس واقعے میں ملزم جنید بھٹہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا اور موقع پر ہی مارا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال وزیرآباد منتقل کر دیا۔






