فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام اور اسکول کے بچوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، سزا اور جزا کا نظام نافذ کرنا ہوگا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور صوبے میں ہر طبقے کے لوگوں نے امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے امن اور ترقی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے، صوبے میں امن کی بحالی کے لیے اسکول کے معصوم بچوں نے بھی اپنی جانیں قربان کی ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد صوبے کو امن کا گہوارہ بنانا اور اس کا مثبت تشخص بہتر بنانا ہے، کیونکہ خیبرپختونخوا کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں۔ صوبہ طویل عرصے سے دہشتگردی کا شکار چلا آ رہا ہے، اس لیے ہماری اولین ترجیح قیام امن اور عوام کا تحفظ ہے۔ ہم سب کو مل کر صوبے میں خوشحالی لانی ہوگی۔
غیرقانونی افغان باشندوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے گورنر نے واضح کیا کہ اس حوالے سے خیبرپختونخوا کی پالیسی وہی ہے جو وفاقی حکومت کی ہے۔ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو واپس جانا پڑے گا اور اب افغان شہریوں کو پاکستان آنے کے لیے لازمی طور پر ویزا لینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے معاملے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، کیونکہ سزا اور جزا کے نظام کے بغیر کوئی بھی چیز ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ اس کے علاوہ صحت کے شعبے کی بہتری حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ صوبے میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے بجلی صارفین کو اپنے بل لازمی ادا کرنے ہوں گے۔






