وزیراعلیٰ پنجاب نے 10 لاکھ نوجوانوں کی اسکل ڈویلپمنٹ کا ہدف مقرر کرتے ہوئے صوبے میں پہلے ماڈرن وڈ ورکنگ سینٹر آف ایکسی لینس کے قیام سمیت کئی نئے تربیتی پروگراموں کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اگلے 3 سال تک 10 لاکھ نوجوانوں کی اسکل ڈویلپمنٹ کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ اجلاس کے دوران پنجاب میں پہلا ماڈرن وڈ ورکنگ سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ٹیکنیکل ٹریننگ، امتحانات کی ڈیجیٹلائزیشن، آن لائن رجسٹریشن پورٹل، ڈیجیٹل امتحانی پرچے اور کیو آر کوڈ کے نظام کا اجراء بھی کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل ایگزامینیشن سسٹم کے ذریعے 2 لاکھ سے 6 لاکھ امیدوار امتحانات دے سکیں گے۔
اس کے علاوہ ایگریکلچر اور ہیوی مشینری آپریٹر سرٹیفکیشن پروگرام شروع کرانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ الیکٹریکل، وہیکل اینڈ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے لیے بھی سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ سی ایم لینگویج لرننگ پروگرام کے تحت 13 زبانوں کے کورسز کرائے جائیں گے اور پنجاب کی پہلی کلیننگ اینڈ کلینر اکیڈمی قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
پی سی سی اے کے تحت کلیننگ سپورٹ، ہیلتھ کیئر، ہاسپٹلٹی، ڈومسٹک ہیلپ اور دیگر شعبوں میں ٹریننگ دی جائے گی۔ پنجاب کے ٹیکنیکل کالج سے تربیت یافتہ الیکٹریشن نے عالمی سطح پر نام روشن کرتے ہوئے ورلڈ اسکل شنگھائی مقابلوں میں چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں اب تک 4 لاکھ نوجوانوں کی اسکل ٹریننگ مکمل ہو چکی ہے، جن میں سے 45 فیصد سے زائد نوجوان برسرروزگار ہیں، جبکہ بیشتر نے اپنی تعلیم جاری رکھنے کو ترجیح دی ہے۔
اسکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ کے تحت ٹریننگ مکمل کرنے والے پونے 2 لاکھ نوجوانوں کو باعزت روزگار مل گیا ہے، جبکہ 38 ہزار سے زائد نوجوانوں نے بیرون ملک ملازمت حاصل کر لی ہے۔






