لاہور میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے دھواں چھوڑنے والی اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے شہر کے مختلف علاقوں میں گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی۔ صرف ایک ہفتے کے دوران ہزاروں گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف چالان اور جرمانے کی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کی جانب سے یکم نومبر سے 7 نومبر 2026 تک لاہور میں خصوصی مہم چلائی گئی۔ اس دوران مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد گاڑیوں کی فٹنس اور ان سے خارج ہونے والے دھویں کی جانچ کی گئی۔ معائنے کے دوران ایسی گاڑیاں بھی سامنے آئیں جو مقررہ ماحولیاتی معیار پر پورا نہیں اتر رہی تھیں۔ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی گئی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ سڑکوں پر چلنے والی اور دھواں چھوڑنے والی 659 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔ جبکہ خلاف ورزیوں پر 409 گاڑیوں کو بند کردیا گیا۔ اس کے علاوہ اوورلوڈنگ کرنے والی گڈز ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو بھی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔ سامان کی مقررہ حد سے زیادہ لوڈنگ کرنے پر 442 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔
ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 26 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ یہ اقدامات شہر میں فضائی آلودگی کم کرنے اور سڑکوں پر گاڑیوں کو محفوظ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ خاص طور پر ایسی گاڑیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے جو زیادہ دھواں خارج کرکے سموگ میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو بند کیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے ٹرانسپورٹرز کو خبردار کیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی مکمل مرمت کروائیں اور فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد ہی انہیں سڑکوں پر لائیں۔ گاڑیوں کے انجن، سائلنسر اور دیگر ضروری حصوں کی درست حالت برقرار رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ دھویں کے اخراج کو کم کیا جاسکے۔






