خیبر پختونخوا حکومت نے کم آمدنی والے اور مستحق خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لیے ایک نئے ہاؤسنگ منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
اس منصوبے کا نام ”خپل کور“ رکھا گیا ہے۔ اس کے تحت صوبے بھر میں ایک لاکھ تین مرلہ رہائشی پلاٹس فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ حکومت کا مقصد غریب خاندانوں کو کم قیمت اور آسان اقساط پر پلاٹ خریدنے کا موقع دینا ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ نے اس منصوبے کے لیے مختلف تجاویز تیار کی ہیں۔ منصوبے پر سرکاری اراضی کے ساتھ نجی زمینداروں کی زمین بھی استعمال کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے زمین کی شراکت داری کا طریقہ اختیار کیا جائے گا۔ منصوبے پر عمل درآمد کی ذمہ داری خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی (کے پی ایچ اے) کو دی گئی ہے۔
سرکاری اراضی پر کتنے پلاٹس بنائے جائیں گے؟
منصوبے کے ابتدائی حصے میں تقریباً 5 ہزار کنال اراضی پر 9 ہزار 73 رہائشی پلاٹس تیار کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کی ملکیت میں موجود تین مختلف مقامات پر مزید 2 ہزار پلاٹس بنائے جائیں گے۔
ان مقامات میں چارسدہ کا ڈھیری زرداد شامل ہے، جہاں 187 کنال زمین پر 500 پلاٹس تیار کیے جائیں گے۔ اسی طرح چارسدہ کے علاقے بہرام دہیری میں 190 کنال اراضی پر 500 پلاٹس بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
بونیر کے علاقے سوواے میں 300 کنال زمین پر ایک ہزار رہائشی پلاٹس تیار کیے جائیں گے۔ اس طرح ہاؤسنگ اتھارٹی کی اپنی زمین پر مجموعی طور پر 2 ہزار پلاٹس فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
نجی زمینداروں سے بھی زمین حاصل کی جائے گی
منصوبے کے باقی تقریباً 89 ہزار پلاٹس نجی زمینداروں کے ساتھ زمین کی شراکت داری کے ذریعے تیار کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی نے اشتہار بھی جاری کردیا ہے۔ اس میں نجی زمینداروں اور ان کے مجاز نمائندوں کو منصوبے کے لیے زمین پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
اشتہار میں زمین کے حوالے سے کچھ شرائط بھی رکھی گئی ہیں۔ پیش کی جانے والی زمین کم از کم 500 کنال ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ زمین غیر زرعی اور ایک دوسرے سے متصل ہونا ضروری ہے۔ یعنی اس کے مختلف حصے الگ الگ نہیں ہونے چاہئیں۔
زمین تک مرکزی سڑک سے رسائی بھی موجود ہونی چاہیے۔ زیر زمین پانی کی سہولت اور زمین کی ملکیت کے واضح کاغذات بھی لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایسی زمین قبول نہیں کی جائے گی جو کسی تنازع، عدالتی مقدمے یا فوجی تحویل میں ہو۔
نجی زمینداروں سے زمین کی پیشکش وصول کرنے کے لیے 25 نومبر 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ زمین کی شراکت داری سے متعلق معاملات کے لیے کے پی ایچ اے جوائنٹ وینچر ریگولیشنز 2022 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
180 دن میں منصوبہ شروع کرنے کا ہدف
حکام نے خپل کور ہاؤسنگ منصوبے پر تیزی سے کام کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹیم ڈائریکٹر خپل کور کی سربراہی میں کام کرے گی۔ منصوبے کو آئندہ 180 دن کے اندر شروع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
حکومت مستحق خاندانوں کے لیے پلاٹس کی خریداری آسان بنانے پر بھی غور کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف بینکوں اور مالیاتی اداروں سے بات چیت اور فنانسنگ کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت اہل افراد کو پلاٹس خریدنے کے لیے آسان قرضے فراہم کرنے کی تجویز ہے۔






