خواجہ آصف نے یورپی پارلیمنٹ برسلز میں شومان سیکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے عالمی امن، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی قربانیوں اور دیرینہ تنازعات کے حل پر زور دیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے یورپی پارلیمنٹ برسلز میں شومان سیکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن، سلامتی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا متحرک کردار عالمی سطح پر قربانیوں اور خدمات کی ایک روشن مثال ہے۔
انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 7 دہائیوں کے دوران 48 اقوام متحدہ امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ عالمی امن مشنز میں 183 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عالمی امن کے لیے اجتماعی شعور، مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے۔ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات کو مزید بڑھا سکتی ہے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ امن مشنز کے مینڈیٹ حقیقت پسندانہ، وسائل سے بھرپور اور دیرپا سیاسی حل سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں، ان مینڈیٹس کی تشکیل میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی ملنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن صرف جنگ نہ ہونے کا نام نہیں ہے بلکہ پائیدار استحکام کے لیے انسانی سلامتی کو ترجیح دینا ہوگی، کیونکہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوری عالمی تنازعات کو مزید ہوا دے رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے براہ راست متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی امن کے لیے دیرینہ تنازعات کا عالمی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ضروری ہے، جبکہ تنازعات کے علاقوں میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور موسمیاتی و ترقیاتی وعدوں کی تکمیل ناگزیر ہے۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان ایک جامع اور مؤثر کثیرالجہتی عالمی نظام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور عالمی سطح پر وقار انسانیت، انصاف اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔






