ایرانی بارڈر گارڈز نے سرحد پر افغانستان سے منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 55 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لیں۔
ناجائز طالبان رجیم میں افغانستان سے منشیات کی اسمگلنگ اور بڑھتی ہوئی دہشت گردی سے ہمسایہ ممالک شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
ایرانی جریدے ایس این این اور افغان جریدے افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق ایرانی بارڈر گارڈز نے تائیباد سرحد پر افغانستان سے منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ایرانی جریدے کے مطابق ایرانی فورسز نے کارروائی کے دوران افغان اسمگلروں سے 55 کلوگرام سے زائد منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا، جبکہ ایرانی فورسز کے ساتھ جھڑپ کے بعد مسلح اسمگلر اپنی موٹر سائیکل اور سامان چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی میں ایرانی حکام نے افغانستان سے یورپ اور خلیجی ممالک اسمگل کی جانے والی 3,663 کلوگرام آئس ضبط کی ہے۔
دفاعی اور سیکیورٹی ماہرین کے مطابق افغانستان ایک ناکام ریاست کے ساتھ انتہا پسندی اور منشیات کی اسمگلنگ کا مرکز بھی بن چکا ہے، جس کے منفی اثرات پورے خطے تک پھیل رہے ہیں۔






