لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ شوہر کے جسمانی اور ذہنی تشدد کا شکار بیوی کو خلع کے بجائے شادی ختم کرنے اور حق مہر کا حق حاصل ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے بیوی پر جسمانی اور ذہنی تشدد سے متعلق فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بیوی کو خلع کے بجائے شوہر کے جسمانی اور ذہنی تشدد کی بنیاد پر شادی ختم کرنے کا حق حاصل ہے، شوہر کے ذہنی و جسمانی تشدد کا شکار بیوی حق مہر سے محروم نہیں ہوگی۔
عدالت نے کہا کہ بیوی کو خلع لینے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا اور شوہر کے تشدد کی بنیاد پر شادی ختم کرنے کی ڈگری جاری ہوگی، جبکہ شوہر کا ایسا رویہ، جو بیوی کی عزت، ذہنی سکون اور زندگی متاثر کرے ظلم تصور ہوتا ہے۔
فیصلے کے مطابق بیوی پر تشدد کی بنیاد پر جاری ڈگری میں وہ حق مہر سے محروم نہیں ہوگی، نکاح نامے میں درج حق مہر وصول کرنے کی حقدار ہے اور اسے حق مہر نکاح نامے کے مطابق ادا کرنا ہوگا۔
عدالت نے ماتحت عدالتوں کے فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے شوہر کو 5 لاکھ روپے خصوصی اخراجات کی مد میں اور 4 لاکھ روپے سامانِ جہیز کا معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
درخواست گزار مریم ظفر کی شادی دسمبر 2016 میں اپنے کزن عثمان سے ہوئی تھی اور ان کے مطابق شادی کے تقریباً 2 سال تک اولاد نہ ہوئی، جس پر دونوں نے طبی معائنہ کروایا اور معائنے میں شوہر میں اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت کا نقص سامنے آیا۔
خاتون نے الزام لگایا کہ شوہر نے اسے ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا اور اپریل 2020 میں گھر سے نکال دیا، جس کے بعد انہوں نے 2020 میں شادی ختم کرنے اور حق مہر کی وصولی کا کیس دائر کیا۔
جسٹس چوہدری محمد اقبال نے مریم ظفر کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا، جبکہ خاتون کے مطابق نکاح نامے میں 5 ہزار روپے نقد، ڈھائی تولہ سونا، زمین اور 2 مکانات درج تھے۔






