ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کمالیہ رجانہ روڈ پر کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے خوفناک تصادم میں ایک ہی خاندان کے 6 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہو گئے، پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کمالیہ رجانہ روڈ پر چک نمبر 268 گ ب موٹے والا کے قریب کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک تصادم پیش آیا، جس میں کار سوار ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ متاثرہ خاندان بورے والا میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہا تھا کہ رجانہ روڈ پر ان کی کار آگے جاتی ہوئی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں مجموعی طور پر 11 افراد متاثر ہوئے، جن میں 6 بچے، 2 خواتین اور 3 مرد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 80 سالہ ذوالفقار، ان کا 50 سالہ بیٹا کاشف، کاشف کی بیوی 45 سالہ بانو، اور کاشف کی 3 بیٹیاں 2 سالہ علیزہ، 5 سالہ زینب اور 10 سالہ محراب شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ذوالفقار کی دوسری بہو مصباح، ان کے 3 بچے ایک سالہ علی اصغر، 2 سالہ محمد علی اور 3 سالہ بیٹی نور، جبکہ خاندان کا 30 سالہ ڈرائیور علی بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔
تمام میتیں آبائی گھر منتقل کر دی گئیں، جس پر گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی اور پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔ 6 کمسن بچوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار اور فضا سوگوار ہے۔ حادثے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور رجانہ پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔






