علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ جب ہماری جماعت کو دیوار سے لگایا گیا تو سب چپ رہے، باقی جماعتیں بھی سن لیں ان کی بھی باری آئے گی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حاکم خان بکھر نے کی۔
علی امین گنڈاپور اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور ان کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گورنر راج کے دوران نظر بند ہونے کی وجہ سے علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش نہیں ہو سکے تھے۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے اور ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے، جس کے بعد سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔
سماعت کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم ہمیشہ قانون کی بات کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات دینی چاہئیں جبکہ بشریٰ بی بی اور دیگر کو بھی سہولیات ملنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی تب ہوگی، جب قانون پر عمل درآمد ہوگا۔ دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوام کا اعتماد ضروری ہے۔
انہوں نے عدلیہ اور اداروں سے اپیل کی کہ قانون پر عمل کریں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب ہماری جماعت کو دیوار سے لگایا گیا تو سب چپ رہے، باقی جماعتیں بھی سن لیں ان کی بھی باری آئے گی اور ہر سیاسی جماعت ذہن میں رکھے کہ کل کو ان کے ساتھ یہ دوبارہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا کی حکومت پر دباؤ کے حوالے سے ایک تاریخ رہی ہے اور انہیں لگتا ہے کہ مولانا اب بھی اسی لیے کام کر رہے ہیں۔ پاکستان کے آگے بڑھنے کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو حقوق ملیں۔
پارٹی معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑی پارٹی ہے اور ہر کسی کی اپنی رائے ہوتی ہے، پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے اور ہم سب کے رہنما بانی پی ٹی آئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی پارٹی کا مؤقف ہے کہ ہماری نمائندگی ہونی چاہیے اور اس حوالے سے اراکین صوبائی اسمبلی نے میرا نام تجویز کیا ہے، جبکہ ہمارے وزیر اعلیٰ آج بھی سہیل آفریدی ہیں، جو اگرچہ غیر فعال ہیں لیکن وزیر اعلیٰ ہیں۔






