وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (SUPARCO) کا دورہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (SUPARCO) کے دورے کے موقع پر چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر موجود پہلے پاکستانی خلاء نورد محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کی۔
وزیر اعظم نے محمد ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپارکو کے آفس سے آپ سے مخاطب ہوں، آج کا دن پاکستان کے 24کروڑ عوام کے لیے باعث فخر ہے، ذیشان علی پہلے پاکستانی خلا باز ہیں ، ان کی کامیابی پوری قوم کیلئے اعزاز ہے، ایسے جوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور پاک افواج کو آپ پر فخر ہے، پاکستان کا سپوت خلا میں پہنچا اور یہ عظیم کامیابی حاصل کی، پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، پاکستان اور چین کی دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے، خلا میں موجودگی پاکستانی نوجوانوں کیلئے علامہ اقبال کے تصور کی عملی تعبیر ہے۔
محمد ذیشان علی نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی میرے لیے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے، آپ کے حوصلہ افزا کلمات اور نیک تمناؤں پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں، طے شدہ منصوبے کے مطابق بہترین ذمے داریاں ادا کرنے کی کوشش کررہا ہوں، چینی خلائی اسٹیشن پر اپنی ذمے داریاں، تحقیقی کام پوری لگن سے کررہا ہوں، پوری پاکستانی قوم کی توقعات کے مطابق سائنسی تحقیقی کا کام انجام دے رہا ہوں۔






